نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس مقبول باقر نے این اے 237 میں ووٹ کاسٹ کیا

انتخابی عملے کو پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچانے سمیت تمام ترضروری سہولیات فراہم کی ہیں،ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 8 فروری 2024 19:06

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس مقبول باقر نے این اے 237 میں ووٹ کاسٹ کیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2024ء) نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے این اے 237 اور پی ایس 104 کے لیے اپنا ووٹ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر2، بلاک 6، PECHS میں کاسٹ کیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انہوں نے اپنا جمہوری حق ادا کردیا۔ سیکوریٹی انتظامات کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کے دوران نگراں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سکیورٹی کے تمام تر اقدامات موثر انداز میں کیے گئے ہیں اور پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل بہتر انداز سے جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور عوام اپنی رائے کا بھرپور اظہارکریں گے۔ صوبے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انہوں نے انتخابی عملے کو پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچانے سمیت تمام ترضروری سہولیات فراہم کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولنگ عملے کے پولنگ اسٹیشنوں پر نہ پہنچنے کی بات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عملہ اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہے ہیں۔

موبائل سروس کی معطلی کے حوالے سے نگراں وزیراعلی سندھ نے واضح کیا کہ یہ وفاقی حکومت کا فیصلہ ہے، ہوسکتا ہے انہوں نے ایسا فیصلہ کسی معقول وجہ سے کیا ہو۔نگراں وزیر اعلی سندھ نے سوک سینٹر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا اور سی سی ٹی وی کوریج کے ذریعے پولنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)حارث نواز اور آئی جی پولیس رفعت مختار نے وزیراعلی سندھ کو پولنگ کے عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بعد ازاں نگراں وزیراعلی سندھ نے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)حارث نواز اور آئی جی پولیس رفعت مختار کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے پولنگ کے عمل کا فضائی معائنہ بھی کیا۔