ن لیگ کے 2بڑے برج اپنے حلقوں سے ہار گئے

این اے 115میں جاوید لطیف کے مقابلے میں خرم شہزاد اور این اے 121میں شیخ روحیل اصغر کو وسیم قادر نے شکست دی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 9 فروری 2024 10:26

ن لیگ کے 2بڑے برج اپنے حلقوں سے ہار گئے
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 فروری2024 ء) عام انتخابات میں بڑے بڑے اپ سیٹ سامنے آرہے ہیں ،الیکشن میں نامور برج الٹ گئے،آزاد امیدواروں نے متعدد حلقوں میں سیٹیں اپنے نام کر لیں۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 115سے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماءجاوید لطیف بڑے مارجن سے ہار گئے،ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے حمایت یافتہ خرم شہزادواضح اکثر یت سے الیکشن جیت گئے انہوں نے ایک 126349ووٹ حاصل کئے جبکہ جاوید لطیف88125ووٹ حاصل کر سکے ۔

اسی طرح لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 میں بھی پاکستان مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار شیخ روحیل اصغرالیکشن ہار گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر نے اس حلقے سے کامیابی حاصل کرلی ہے انہوں نے 78703ووٹ حاصل کئے جبکہ شیخ روحیل اصغر 70597ووٹ حاصل کئے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں عام انتخابات میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

قومی اسمبلی کے اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 21، مسلم لیگ (ن) نے 12 اور پیپلزپارٹی نے 8 نشستیں جیتی ہیں۔الیکشن کمیشن نے نتائج میں تاخیر سے متعلق صحافیوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نتائج جوں جوں آتے جائیں گے، اس سے آگاہ کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کا نظام کام کر رہا ہے اور یہ نتائج اسی نظام سے حاصل کرلیے گئے ہیں اور تاخیر کی وجہ انٹرنیٹ کا مسئلہ ہے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو مراسلہ جاری کردی جس میں صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو آدھے گھنٹےمیں تمام نتائج جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آدھے گھنٹے میں تمام نتائج کا اعلان کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔