یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو مخالف امیدوار نے چیلنج کر دیا

پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار بیرسٹر تیمور الطاف این اے 148ریٹرنگ افسرکو دوبارہ گنتی کی درخواست دیدی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 10 فروری 2024 13:03

ملتان(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 فروری2024 ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءاور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کومخالف امیدوار نے چیلنج کر دیا،پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار بیرسٹر تیمور الطاف نے ووٹوں کی گنتی چیلنج کی۔آزاد امیدوار این اے 148ریٹرنگ افسرکو دوبارہ گنتی کی درخواست دیدی۔ این اے 148 کے 12 ہزار 693 ووٹ کو مسترد قرار دیا گیا تھا ۔

بیرسٹر تیمور الطاف نے درخواست میں کہا ہے کہ جیت میری بنتی ہے نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے۔ ہمارے پاس 99 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 موجود ہے جن کے مطابق مجھے یوسف رضا گیلانی پر 7 ہزار سے زائد کی برتری حاصل ہے۔خیال رہے کہ ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 148 سے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کامیابی حاصل کر لی تھی۔

(جاری ہے)

الیکشن 2024 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کو شکست دے دی ہے۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے 67 ہزار 326 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ اس حلقے میں انہیں اپنے حریف پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار تیمور ملک سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا اوردونوں کے درمیان کانٹے کامقابلہ ہوا یہاں سے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءیوسف رضا گیلانی صرف 293 ووٹوں کی معمولی برتری سے الیکشن میں فتح حاصل کر پائے ہیں۔

اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار تیمور ملک 67 ہزار 33 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے ۔
خیال رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین حلقہ این اے 149 سے ہار گئے، این اے 149 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر 143613 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین 50166 ووٹ ہی لے سکے اور پیپلز پارٹی کے رضوان ہانس 14625 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔