الیکشن کمیشن کے حکم پر ریٹرننگ افسران نے این اے 62 اور پی پی 28 گجرات کارزلٹ جاری کر دیا

ہفتہ 10 فروری 2024 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2024ء) الیکشن کمیشن کے حکم پر ریٹرننگ افسران نے این اے 62 گجرات اور پی پی 28 گجرات کارزلٹ (فارم -47) جاری کر دیا ۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹر ننگ افسران نے الیکشن کمیشن کو رپورٹ کی تھی کہ 8 پولنگ اسٹیشنوں پر الیکشن کے دن پولنگ نہیں ہو سکی تھی۔ الیکشن کمیشن نے ان پولنگ اسٹیشنوں میں کل رجسٹرڈ ووٹروں اور امید واروں کے حاصل کردہ ووٹوں کی تفصیل طلب کی اور تفصیل ملاحظہ کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ بالا 8 پولنگ اسٹیشنوں کے کل رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 11941 ہے۔

جبکہ این اے-62 گجرات - I میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امید وار کے ووٹوں کی تعداد 97436 ہے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار نے 71154 ووٹ حاصل کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح صوبائی اسمبلی پی پی۔28 گجرات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امید وار نے 48271 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار نے 35268 ووٹ حاصل کیے۔ لسٹ آف پولنگ سٹیشنز کے مطابق 8 پولنگ اسٹیشنوں کے کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 11941 ہے۔

اگر دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار 11941 ووٹ حاصل کر بھی لیں تو پھر بھی رزلٹ میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ لہذا الیکشن کمیشن نے ریکارڈ کو سامنے رکھتے ہوئے ریٹر ننگ آفسروں کو حکم دیا کہ رزلٹ کا اعلان فوری کیا جائے۔ اور فارم-47 جاری کیا جائے۔اسی طرح انتخابی حلقہ 90-PK کو ہاٹ کے انتخابی میٹریل کو دہشت گردوں کے چھیننے اور ضائع کرنے کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے 25 پولنگ اسٹیشنوں پر 15 فروری 2024 کو دوبارہ پولنگ کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ضروری نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔