Live Updates

عمران خان کو فوری طور پر رہا کریں

قوم 8 فروری کو جمہوریت کی یوم فتح کے طور پر منائے، عام انتخابات 2024 کے نتائج پر جاوید ہاشمی کا ردعمل

muhammad ali محمد علی اتوار 11 فروری 2024 00:50

عمران خان کو فوری طور پر رہا کریں
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔10 فروری 2024ء) جاوید ہاشمی کا عمران خان کو رہا کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے عام انتخابات 2024 کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سینئر سیاستدان نے مزید کہا کہ قوم 8 فروری کو جمہوریت کی یوم فتح کے طور پر منائے۔

دوسری جانب سینئر صحافی و اینکر ندیم ملک نے  نجی ٹی وی چینل سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عام انتخابات 2024 کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم 2 بنی تو جو کچھ بچ گیا ہے وہ بھی تباہ ہو جائے گا۔ تحریک عدم کے وقت پی ڈی ایم نے پی ٹی آئی کو نکالا، اسٹیبلیشمنٹ کی حمایت سے سب اکٹھے ہوئے اور بیڑہ غرق ہو گیا۔

(جاری ہے)

 پی ڈی ایم کو عمران خان کو نکالنے کے بعد ڈالر 179 پر ملا اور 305 پر چھوڑ کر گئے، اب اگر ڈالر 500 روپے پر لے کر جانا ہے تو پی ڈی ایم کا تجربہ دوبارہ کر لیں۔

تحریک انصاف کو عوام کا مینڈیٹ ملا ہے، جس کا احترام کیا جائے۔ سپریم کورٹ میں پٹیشن پڑی ہے اسے سنا جائے تحریک انصاف کو انتخابی نشان واپس کیا جائے تاکہ پارٹی کا اسٹیٹس بحال ہو اور ان کے جیتنے والے آزاد امیدوار پارٹی کا حصہ بن سکیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان راؤف حسن نے الزام عائد کیا ہے کہ ہماری 60 کے قریب سیٹیں چھینی گئیں وہ واپس لیں گے،ہم ٹربیونلز میں جائیں گے اور ضرورت پڑی تو عدالت بھی جائیں گے، ہمارے پاس ثبوت ہیں، ثبوت پیش کرنے میں تاخیر نہیں کریں گے ۔

انہوں نے جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری 60 کے قریب سیٹیں چھینی گئی ہیں وہ واپس لیں گے، ہم ٹربیونلز میں جائیں گے اور ضرورت پڑی تو عدالت بھی جائیں گے، ہمیں کچھ حلقوں کے فارم 47 نہیں دیئے گئے، 60 سیٹیں لینے کیلئے ہم قانونی راستہ اپنائیں گے، ثبوت پیش کرنے میں تاخیر نہیں کریں گے ہمارے پاس ثبوت ہیں، ابھی ہم اپنی اسٹریٹجی اوپن نہیں کریں گے، ہم نے تمام آپشنز کھلے رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی پارٹی کانشان لینے کا کیس بھی لڑیں گے، ہماری قانونی پہچان موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم منڈی لگانے والے لوگ نہیں دوسری جماعتیں لگاتی رہی ہیں،زرداری اور شریفوں کی بڑی مشہوری ہے، ہم نے سوچ سمجھ کراپنے آزاد امیدواروں کو سیٹیں دی تھیں، میرا نہیں خیال کہ ان کے ضمیر خریدے جاسکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات