ممبئی ، ہندوتوا بلوائیوں کا مسلم خاندان پرحملہ ، جے شری رام کا نعرہ لگانے پرمجبورکیا

پیر 12 فروری 2024 18:16

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2024ء) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی میں ہندوتوا بلوائیوں کی طرف سے ایک مسلم خاندان کو جے شری رام کے نعرے لگانے پر مجبور کیا گیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے ۔ 26سیکنڈ کی اس ویڈیو میں 24جنوری کو ممبئی کے پنول پولیس اسٹیشن کے باہر پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں ہندوتوا بلوائیوں کو ایک مسلم شخص پر حملہ کرتے ہوئے دکھایاگیا ہے جبکہ اس کی بیوی اور جوان بیٹی مدد کیلئے پکار رہی ہیں۔

تفصیل کے مطابق مسلم شخص آصف اپنے اہلخانہ کے ہمراہ 19جنوری کو اپنے گائوں کانکاولی سے ممبئی کے لیے نکلا تھا ۔ ٹرین میں 30سے40ہندوتوا بلوائیوں کے ایک گروپ انہیں شدید زدو کوب کیا اوروہ ہندو قوم پرست نعرے لگاتے رہے ۔

(جاری ہے)

آصف کے مطابق بلوائیوں نے برقع میں ملبوس اس کی بیوی کو بھی کا نشانہ بنایااوراس کی بیٹی پر گرم چائے پھینکی ۔ آصف نے میڈیا کو بتایا کہ ریلوے فورس اور ٹکٹ کلکٹر نے بھی ان کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی اورحملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

آصف نے ریلوے پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکا ۔ آخر کار اس نے کنکاولی پولیس اسٹیشن میں ہندوتوابلوایوں کی طرف سے ہراساں کئے جانے کے خلاف اپنی شکایت درج کرائی ۔بعدازاںبی جے پی کے رہنما نے آصف پر اپنی شکایت واپس لینے کیلئے دبا ئو ڈالااوراسکے انکار پر24جنوری کو 15، 20بلوائیوں کے ایک اور گروپ نے پولیس اسٹیشن کے باہر اسے زدو کوب کیا اور 'جے شری رام' کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا ۔ آصف نے بتایا کہ میری بیوی اور بچے مدد کے لیے چیخ رہے تھے لیکن کسی نے متاثرہ خاندان کی کوئی مدد نہیں کی ۔