انتخابات میں شکست، جہانگیر ترین کا آئی پی پی کی چیئرمین شپ کیساتھ سیاست بھی چھوڑنے کا اعلان

پیر 12 فروری 2024 22:21

انتخابات میں شکست، جہانگیر ترین کا آئی پی پی کی چیئرمین شپ کیساتھ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2024ء) استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے سیاست اور آئی پی پی کے چیئرمین کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر ) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں میری حمایت کی اور اپنے مخالفین کو بھی مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

جہانگیرترین نے کہا کہ میں پاکستانی عوام کی مرضی کا بے پناہ احترام کرتا ہوں، اس لئے میں نے آئی پی پی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور سیاست سے یکسر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، میں آئی پی پی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا، میری دعا ہے کہ آئندہ چند سالوں میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا ہوا نظر آئے۔

(جاری ہے)

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے جہانگیر ترین کے استحکام پاکستان پارٹی کی چیئرمین شپ چھوڑنے کے اعلان پر ردعمل میں کہا کہ جہانگیر خان ترین کے فیصلے سے دلی طور پر دکھ ہوا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ جہانگیر ترین اعلی پائے کے پروفیشنل ہیں۔علیم خان نے کہا کہ جہانگیر ترین کا کسی بھی حکومت میں ہونا اس حکومت کیلئے اعزاز کی بات ہے، بد قسمتی سے کوئی حکومت بھی جہانگیر ترین کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکی،انہیں بطور چھوٹا بھائی اور صدر آئی پی پی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

رہنما استحکام پاکستان پارٹی نے کہاکہ جہانگیر ترین ہمیشہ آئی پی پی اور ہم سب کے سرپرست اعلیٰ رہیں گے، ان کی فلاحی سرگرمیاں بھی لائق تحسین، سیاست سے ہٹ کر وہ درد دل رکھنے والی شخصیت ہیں۔واضح رہے کہ جہانگیر ترین نے الیکشن 2024میں قومی اسمبلی کی دو نشستوں سے حصہ لیا اور وہ دونوں میں ہی شکست کھاگئے۔ این اے 149 ملتان 2سے انہیں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عامر ڈوگر سے شکست ہوئی۔ حلقہ این اے 155لودھراں 2سے انہیں مسلم لیگ (ن) کے صدیق خان بلوچ نے واضح مارجن سے شکست دی۔