جے یو آئی (ف)نے بلوچستان سے قومی اسمبلی کی مزید 2نشستیں حاصل کرلیں، تعداد 6 ہوگئی

بدھ 14 فروری 2024 20:40

جے یو آئی (ف)نے بلوچستان سے قومی اسمبلی کی مزید 2نشستیں حاصل کرلیں، تعداد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2024ء) جے یو آئی بلوچستان سے قومی اسمبلی کی مزید 2نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جس کے بعد قومی اسمبلی میں جے یو آئی کی کل نشستیں 6ہوگئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام دوبارہ گنتی کے بعد بلوچستان سے قومی اسمبلی کی مزید 2نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جس کے بعد قومی اسمبلی میں جے یو آئی کی کل نشستیں 6ہوگئی ہیں۔

جے یو آئی (ف)کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کو این اے 261اور مولوی سید سمیع اللہ کو این اے 251سے کامیاب قرار دیا گیا۔قبل ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ غیرحتمی نتائج کے مطابق این اے 261سے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سردار اختر مینگل اور این اے 251سے پشتونخوا نیشنل پارٹی کے خوشحال خان کاکڑ نے کامیابی حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

این ای261 سوراب کم قلات مستونگ کے ریٹرننگ افسر نثار احمد چلگری کی جانب سے اعلان کردہ تازہ نتیجے میں مولانا عبدالغفور حیدری 31ہزار 649 ووٹ لے کر منتخب ہوئے ہیں جبکہ سردار اختر مینگل کو 27ہزار 395ووٹ ملے۔

قبل ازیں سیٹ ہارنے کے بعد جے یو آئی ف کے امیدوار نے دعوی کیا تھا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے جوہان لہری اور نورمک کے دور افتادہ قبائلی علاقوں میں ووٹ گنے بغیر ہی نتیجہ کا اعلان کر دیا تھا۔اسی طرح این اے 251 سے جے یو آئی (ف)کے امیدوار مولوی سید سمیع اللہ کو بھی پوسٹل بیلٹ شامل کرنے پر فاتح قرار دیا گیا۔ریٹرننگ آفیسر فیصل ترین کی جانب سے جاری کردہ نئے نتیجے کے مطابق مولوی سید سمیع اللہ نے 46ہزار 210ووٹ حاصل کئے جبکہ خوشحال خان کاکڑ 46ہزار 117ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔