پی ٹی آئی کی قیادت کا سربراہ جے یوآئی(ف) مولانا فضل الرحمان سے رابطہ

بیرسٹر گوہر خان کی قیادت میں 5 رکنی وفد آج رات کو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرےگا، ملاقات میں انتخابی و سیاسی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 فروری 2024 17:35

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 فروری 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے انتخابات میں دھاندلی اور آئندہ کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کیلئے سربراہ جے یوآئی(ف) مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کرلیا ہے۔ اے آروائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا 5 رکنی وفد آج رات کو سربراہ جے یوآئی(ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔

وفد اسد قیصر، بیرسٹر سیف، اخوند زادہ حسین احمد ودیگر شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے جمیعت علماء اسلام کی قیادت سے رابطہ بھی کیا ہے، سابق اسپیکر اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کیا اور ان سے ملاقات کا وقت لیا۔ یاد رہے گزشتہ روز سربراہ جےیوآئی ف مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارے اختلافات رہے ہیں، پوشیدہ نہیں ہے، ایوان تو سب کا ہوتا ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا جسموں کا نہیں دماغوں کا جھگڑا ہے جلد ٹھیک ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کا وہ امیدوار جو پختونخواہ ملی پارٹی کے مقابلے میں دستبردار ہوچکا تھا، وہ گھر میں سویا ہوا تھا اس کو کہا گیا آپ جیت چکے ہیں، ہم مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے تابع نہیں ہیں، ہم اگر پارلیمنٹ میں جائیں گے تو اپنی حیثیت میں جائیں گے، مجلس عاملہ نے فیصلوں پر نظرثانی کی کوئی گنجائش نہیں رکھی، 22 فروری کو اسلام آباد میں جنرل کونسل کی میٹنگ بلائیں گے۔

اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے تحریک چلائیں گے ،اسمبلی میں بھی رہیں اور تحریک بھی چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے یوآئی الیکشن کمیشن کے بیان کو مسترد کرتی ہے جس میں انہوں نے انتخابات کو شفاف قرار دیا ہے، پارلیمنٹ اپنی اہمیت کھو بیٹھا اور جمہوریت اپنا مقدمہ ہار رہا ہے، لگتا ہے فیصلے ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے، جے یوآئی پارلیمانی کردار ادا کرے گی تاہم اسمبلیوں میں شرکت تحفظات کے ساتھ ہوگی،موجودہ انتخابات نے 2018 کے نتائج کا بھی ریکارڈ توڑ ڈالا ہے۔