نگران وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں67 فیصد اضافے کی منظوری دے دی

نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوگا، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 فروری 2024 18:45

نگران وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں67 فیصد اضافے کی منظوری دے دی
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 فروری 2024ء) نگران وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سفارش پر گیس کی قیمتوں میں67 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے تحت افغانستان کنٹری آفس کے زیر استعمال  گاڑیوں کے اسپئیر پارٹس اور نئے ٹائروں کی کراچی پورٹ سے کابل، افغانستان ٹرانزٹ /منتقلی کی منظوری دے دی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایسی درآمدات اور ان کی افغانستان منتقلی کی ممانعت ہے تاہم  اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مذکورہ اسپئیر پارٹس اور ٹائروں  اقوام متحدہ کے استعمال میں ہوں گے اور انہیں کاروباری استعمال میں نہیں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

دنیا نیوز کے مطابق نگران وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی، گیس کے نرخوں میں 67 فیصد تک اضافے کی منظوری دی گئی ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی، کابینہ نے 14 فروری کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے۔

پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین اور کیپسٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں مناسب اضافہ کیا جائے گا، نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا جائے گا۔ پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں کے فکسڈ چارجز میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ بلک میں گیس استعمال کرنے ولوں کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 900 روپے کا اضافہ ہوگا، سی این جی سیکٹر کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 170 روپے کا اضافہ ہوگا، پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔