انتخابات میں دھاندلی، پی ٹی آئی کا ایک اور سیاسی جماعت سے رابطہ

پی ٹی آئی وفد کا قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیر پاؤ سے رابطہ، ملاقات کا وقت طے پا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 16 فروری 2024 15:32

انتخابات میں دھاندلی، پی ٹی آئی کا ایک اور سیاسی جماعت سے رابطہ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری2024 ء) پی ٹی آئی وفد کا قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیر پاؤ سے رابطہ ہوا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی وفد کی آفتاب شیر پاؤ سے ملاقات کا وقت طے پا گیا۔ پی ٹی آئی وفد اور آفتاب احمد شیر پاؤ کے درمیان ملاقات آج اسلام آباد میں ہوگی ۔ پی ٹی آئی وفد آج شام 5 بجے آفتاب احمد شیر پاؤ سے ملاقات کرے گا۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال اور مبینہ دھاندلی سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔علاوہ ازیں حکومت سازی کے لئے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے رابطے پھر بحال ہونے لگے۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ لطیف کھوسہ کا لیاقت بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اشتراک عمل پر سراج الحق کا موقف اصولی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اشتراک عمل صرف خیبرپختونخوا کی سطح پر نہیں، وفاقی سطح پر بھی کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف سے رابطہ کیا، عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم جماعت اسلامی کی قیادت سے ملنا چاہتی ہے۔ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا تھا کہ ملاقات کا وقت اور جگہ قیادت سے مشاورت کے بعد بتائیں گے۔

اسی طرح گذشتہ روز ہ پی ٹی آئی کے وفد کی جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات گزشتہ روز ہوئی تھی۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کے وفد کا خیر مقدم کیا جس میں اسد قیصر، عامر ڈوگر، بیرسٹر سیف، فضل احمد، عمیر نیازی شامل تھے۔دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی ودیگر تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے بانی پی ٹی آئی کاخصوصی پیغام مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا تھا۔