جماعت اسلامی ہمیشہ آمروں کی تابع دار اور سہولت کار رہی ہے

سراج الحق کی جماعت اسلامی پر قوم اعتماد نہیں کرتی، عوام جماعت اسلامی کا ماضی دیکھ کر ہرالیکشن میں عبرتناک شکست دیتے ہیں، سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 20 فروری 2024 22:45

جماعت اسلامی ہمیشہ آمروں کی تابع دار اور سہولت کار رہی ہے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 فروری 2024ء) سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہمیشہ آمروں کی تابع دار اور سہولت کار رہی ہے، سراج الحق کی جماعت اسلامی پر قوم اعتماد نہیں کرتی، عوام جماعت اسلامی کا ماضی دیکھ کر ہرالیکشن میں عبرت ناک شکست دیتے ہیں۔ انہوں نے سراج الحق کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سراج الحق کی جماعت اسلامی پر قوم اعتماد نہیں کرتی، جماعت اسلامی ہمیشہ آمروں کی تابع دار اور سہولت کار رہی ہے، جماعت اسلامی اور جمیعت علماء اسلام ف نے ایل ایف او  کو منظور کروا کر پرویز مشرف کی سہولت کاری کی۔

جماعت اسلامی کا ماضی دیکھ کر عوام اسے ہر انتخابات میں عبرت ناک شکست سے دوچار کرتے ہیں۔ سراج الحق 5 سال خیبرپختونخوا کی حکومت میں رہے عوام کی کون سی خدمت کی؟ اے آروائی کے پروگرام میں پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کا سیشن 28 یا 29 فروری کو ہونا ہے، آج بھی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم وزارتیں نہیں لیں گے اور نہ ہی وزیراعظم بننے کو تیار ہیں، ن لیگ کے پاس موقع ہوگا وہ ڈلیور کریں ہم ان کا ساتھ دیں گے، اس بار ان کے ساتھ مولانا فضل الرحمان یا پیپلزپارٹی دونوں حکومت میں نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

الیکشن ہمارا بیانیہ تھا ہم نے کیا، اب ن لیگ کے ساتھ پاس زیادہ سیٹیں ہیں ہم ان کو سپورٹ کریں گے۔ دوسری جانب یاد رہے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے آج یہاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کی رات پولنگ سٹیشنوں پر نہیں قوم کے مستقبل پر ڈاکا ڈالا گیا، (ن) لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کی ’’ عبرت ناک جیت ‘‘ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، سلیکٹڈ، امپورٹڈ سے ڈیفیکٹڈ وزیراعظم کی تشکیل کا سفر جاری ہے،جہاں عوام کے ووٹ کی قدر نہ ہو وہ ملک دنیا میں تماشا بن جاتے ہیں۔

2024ء کے انتخابات جمہوری تاریخ کے واحد الیکشن ہیں جہاں جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں، ووٹ چوری کرکے نوجوانوں کو مزید مایوس کیا گیا، 65 فیصد آبادی کو ناامیدی کے اندھیروں سے نکالیں گے، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور دھاندلی کے خلاف جدوجہد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سویلین بالادستی قائم کرنا ہو گی، عوام کے فیصلوں کا احترام کیا جائے