وزارت اعلیٰ سندھ کیلئے سید مراد علی شاہ اورایم کیوایم کے علی خورشیدی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

سندھ کی ممبئی سے علیحدگی کے بعد صوبے کے 35 ویں اور 1947 میں قیام پاکستان کے بعد سندھ کے 31 ویں وزیراعلی کے طورپر مراد علی شاہ کی کامیابی یقینی

اتوار 25 فروری 2024 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2024ء) وزارت اعلیٰ سندھ کے لیے پیپلزپارٹی کے امیدوار سید مراد علی شاہ اورایم کیوایم کے علی خورشیدی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔سندھ کی ممبئی سے علیحدگی کے بعد صوبے کے 35 ویں اور 1947 میں قیام پاکستان کے بعد سندھ کے 31 ویں وزیراعلی کے طورپر مراد علی شاہ کی کامیابی یقینی ہے،اسپیکرسندھ اسمبلی نے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے اجلاس آج (پیر)طلب کرلیا ہے۔

منتخب اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے شیڈول کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے اتوارکو 2 سے 3 بجے کا وقت دیا گیا، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شام 6 بجے کی گئی۔وزیر اعلی سندھ کے انتخاب کے لیے مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، پیپلزپارٹی ارکان غلام قادرچانڈیو، صالح شاہ اور نعیم کھرل نے مرادعلی شاہ کے کاغذات جمع کرائے۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار علی خورشیدی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔سندھ اسمبلی کے ایوان میں پیپلزپارٹی کوواضح اکثریت کے باعث قوی امکان ہے کہ سید مراد علی شاہ تیسری بارسندھ کے وزیراعلی منتخب ہوجائیں گے اوروہ سندھ کی35 ویں وزیر اعلی کی حیثیت سے منگل کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ سید مراد علی شاہ کے والد سید عبداللہ شاہ بھی سندھ کے وزیراعلی رہ چکے ہیں۔

سید عبداللہ شاہ نے 1993میں سندھ کے 24 وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا اور 1996 تک اس عہدہ پر فائز رہے۔سید مراد علی شاہ پہلی بار27 جولائی 2016 کووزیراعلی سندھ نامزد کیا گیا،دوسری باروہ 2018 کے عام انتخابات کے بعد 18 اگست 2018 کوسندھ کے وزیراعلی منتخب ہوئے اوراب تیسری بارانہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعدسندھ کا وزیراعلی نامزد کیا ہے۔