سندھ کے نومنتخب وزیراعلی سید مراد علی شاہ کا سوانح حیات

پیر 26 فروری 2024 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2024ء) نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا تعلق سندھ کے ضلع جامشورو کے سیاسی گھرانے سے ہیں، وہ 8نومبر 1962کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ان کے والد سید عبداللہ شاہ بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران 21اکتوبر 1993سے 6نومبر 1996تک صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ رہے۔مراد شاہ نے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کراچی سے میٹرک اور ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج سے انٹرمیڈیٹ کیا۔

انہوں نے 1986میں این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی سے سول ٹیکنالوجی میں بی ای کیا بعدازاں وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ چلے گئے اور 1987میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے سول/اسٹرکچرل انجینئرنگ میں ایم ایس سی کیا۔ پاکستان واپس آنے سے پہلے 1993میں اسی یونیورسٹی سے معاشی نظام میں ایم ایس سی کیا۔

(جاری ہے)

مرادعلی شاہ نے 1998 میں واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں جونیئر انجینئر کے طور پر شمولیت اختیار کی اور پھر 1990میں ایگزیکٹو انجینئر کے طور پر پوسٹ قاسم اتھارٹی میں چلے گئے۔

وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے سے قبل وہ سید قائم علی شاہ کی حکومت میں صوبائی وزیر آبپاشی اور خزانہ تھے۔ مراد علی شاہ، جو 25 جولائی کے عام انتخابات میں PS-80جامشورو سے منتخب ہوئے تھے، اس سے قبل 29جولائی 2016کو سندھ کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے تھے جب بزرگ سیاستدان سید قائم علی شاہ نے استعفی دے دیا تھا۔پی پی پی 2018کے انتخابات میں سندھ اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھرنے کے بعد مراد علی شاہ دوسری بار وزیر اعلیٰ سندھ کے طور پر بھی منتخب ہوئے۔