پاکستان قونصلیٹ کی ٹیم کی عجمان میں آتشزدگی کے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت

منگل 27 فروری 2024 16:43

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2024ء) پاکستان قونصلیٹ کی ٹیم نے عجمان میں آتشزدگی کے المناک واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ منگل کو قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عمران شاہد کی قیادت میں پاکستان قونصلیٹ کی ایک ٹیم نے شارجہ میں زید ہسپتال، کویتی ہسپتال اور القاسمی ہسپتال کا دورہ کیا۔

علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے بتایا کہ شارجہ کے زید ہسپتال میں داخل شہید بینظیر آباد سندھ کے رہائشی اعجاز ولد عبدالعزیز کو وینٹی لیٹر سے ہٹادیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریض 65 فیصد جھلس چکا ہے اور اسے شیخ شخبوت میڈیکل سٹی ہسپتال ابوظہبی منتقل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ شاہد ولد ممتاز ساکن شہید بینظیر آباد سندھ، کویتی ہسپتال شارجہ میں داخل ہیں، 55 فیصد جھلس کر وینٹی لیٹر پر ہیں۔

(جاری ہے)

اسی ہسپتال میں داخل ظہور ولد ایم حیات ساکن شہید بینظیر آباد سندھ 35 فیصد جھلس چکے ہیں اور وہ بھی وینٹی لیٹر پر ہیں۔ سکندر ولد عبدالرحیم سکنہ شہید بینظیر آباد سندھ جو کہ القاسمی ہسپتال شارجہ میں زیر علاج ہیں 60 فیصد جھلس چکے ہیں اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہیں ایس اہس ایم سی ہسپتال ابوظہبی منتقل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

اکبر ولد خمیسہ خان ساکن ڈیرہ غازی خان پنجاب اس افسوس ناک واقعے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے، اس وقت جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والی جلی ہوئی لاش کا فرانزک تجزیہ اور ڈی این اے ٹیسٹ جاری ہے، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ اکبر خان کی ہے۔ دورہ کرنے والی ٹیم نے آئی سی یو/ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے حکام/علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور زخمیوں کے رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقات کی تاکہ زیادہ سے زیادہ امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ تمام زخمیوں کا متعلقہ ہسپتالوں کے آئی سی یو میں علاج جاری ہے۔بیان کے مطابق قونصل جنرل حسین محمد نے کہا کہ ہم اس ناخوشگوار واقعہ کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنانے کے پابند ہیں۔\932