جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کے زیر اہتمام اسپورٹس گالا کا انعقاد

منگل 27 فروری 2024 22:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2024ء) جامعہ سندھ جامشورو میں انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کی جانب سے سالانہ دو روزہ اسپورٹس گالا کا آغاز ہو گیا ہے۔ حیدر بخش جتوئی پویلین میں کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں کو دیکھنے کے لیے سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں شریک طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

تقریب میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اسپورٹس گالا میں 200 سے زائد طلبہ و طالبات نے میراتھن ریس، کرکٹ، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، شطرنج اور ٹگ آف وار جیسے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ کھیل معاشرے کی بہتری اور روزمرہ کی زندگی میں توازن لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، کھیل طلباء کی ذہنی و جسمانی صحت کے لیے بھی ضروری ہیں،جامعہ سندھ طلباء کی جسمانی صحت کو یقینی بنانے کے لیے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر ڈاکٹر عبدالفتاح سومرو نے کہا کہ توانا جسم اور اچھی زندگی کے لیے صحت مند ذہن ضروری ہے، اس لیے شعبہ انگریزی کی جانب سے طلباء کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ طلباء کو مثبت و صحت مند ماحول میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس گالا کے دوران طلباء میں کھیل کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے میراتھن ریس، کرکٹ، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن اور دیگر کھیلوں کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے ان میں برداشت و تحمل کا جذبہ پیدا ہوگا۔

بعد ازاں کھلاڑیوں نے میراتھن ریس اور ٹگ آف وار میں اپنی کارکردگی دکھائی۔ اس کے بعد طلبہ و طالبات کی مختلف کرکٹ ٹیموں کے درمیان الگ الگ میچز بھی کروائے گئے۔ کھیلوں کی سرگرمیاں کل (بدھ کو) بھی جاری رہیں گی، جس کے بعد شام کو اختتامی تقریب ہوگی، جس میں مختلف مقابلوں میں جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔