نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے وفد کا آزادکشمیر کا دورہ

منگل 27 فروری 2024 19:30

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2024ء) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے وفد نے آزادکشمیر کا دورہ کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و جنرل آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مدحت شہزاد نے وفد کو بریفنگ دی۔وفد کی قیادت کموڈور پاکستان نیوی راشد علی نے کی جبکہ وفد میں کموڈور پاکستان ائیر فورس عاصم راجہ اور بریگیڈئیر پاکستان آرمی عامر شہزاد اورکزئی سمیت دیگر سکیورٹی امور کے ماہرین بھی موجود تھے۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے وفد کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و جنرل محترمہ مدحت شہزاد نے آزاد جموں و کشمیر کے محل وقوع، جغرافیہ اور سیاسی و ثقافتی اقدار، نظام جمہوریت اور آزاد کشمیر کے تاریخی پس منظر بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے شرکا کو آزادکشمیر میں ہائیڈل اور ٹورازم پوٹینشل کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی اور تحریک آزادی کے لیے بیس کیمپ کی خدمات، تاریخ کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے حالات سے آگاہ کیاجبکہ لائن آف کنٹرول اور آزادکشمیر کی عوام کے لیے حکومت آزاد کشمیر کے ترقیاتی اقدامات سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔

محترمہ مدحت شہزاد نے کہا کہ آزادکشمیر میں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے حکومت دن رات کوشاں ہے۔ حکومت کے عزائم میں تعلیم کو عام کرنا، انصاف کا بول بالا اور صحت وروزگار کے لیے موثر اقدام کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر لیاقت حسین نے شرکا ءکے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے آزادخطہ کے وسائل، تحریک آزادی کے لیے خدمات، حکومت پاکستان کی جانب سے آزادجموں وکشمیر کی عوام کی فلاح کے لیے اقدامات سمیت آزادکشمیر کے سیاسی و ثقافتی پس منظر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر سیکرٹری قانون ڈاکٹر ادریس عباسی، سپیشل سیکرٹری سروسز راشد حنیف، ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈئیر (ر) اخترحسین شاہ ودیگر بھی موجود تھے۔وفد کے سربراہ کموڈور پاکستان نیوی راشد علی نے حکومت آزادکشمیر کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ اداکیا۔تقریب کے آخر میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر لیاقت حسین نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کے سربراہ کموڈور پاکستان نیوی راشد علی کو شیلڈ پیش کی اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات محترمہ مدحت شہزاد بھی موجود تھیں جبکہ وفد کے سربراہ کی جانب سے بھی ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات مدحت شہزاد اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر لیاقت حسین، ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈئیر(ر) اختر حسین شاہ کوشیلڈز بھی پیش کیں۔