Live Updates

میں بزدار 2 کی خدمت گزار اور ذاتی کنیز کا جواب دینا اپنی توہین سمجھتا ہوں

ابھی تو ن لیگ کی چیخیں نکلنا شروع ہوئی ہیں ابھی تو اور بھی نکلیں گی، فیصل واوڈا کا عظمیٰ بخاری کو جواب

muhammad ali محمد علی منگل 27 فروری 2024 20:19

میں بزدار 2 کی خدمت گزار اور ذاتی کنیز کا جواب دینا اپنی توہین سمجھتا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری2024ء) فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ میں بزدار 2 کی خدمت گزار اور ذاتی کنیز کا جواب دینا اپنی توہین سمجھتا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے مسلم لیگ ن کی خاتون ایم پی اے عظمٰی بخاری کی تنقید پر جواب دیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بزدار ٹو کہنے پر مسلم لیگ ن کی رہنما کے ردعمل کے جواب میں کہا ہے کہ میں بزدار ٹو کی خدمت گزار اور ذاتی کنیز کا جواب دینا اپنی توہین سمجھتا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ میں بزدار 2 کی خدمت گزار اور ذاتی کنیز کا جواب دینا اپنی توہین سمجھتا ہوں۔ اگر کسی قابل انسان نے بزدار 2 سے متعلق سیاسی سوال اٹھایا تو اس کا جواب ضرور دوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ البتہ آپ کنیز کی اپنی زبانی ساری باتیں سن لیں، وہ درست کہہ رہی ہیں کہ اس ویڈیو بیان کے تحت ابھی تو مسلم لیگ ن کی چیخیں نکلنا شروع ہوئی ہیں ابھی تو اور بھی نکلیں گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیڑھ سال کی بات ہے حدیبیہ اور اتفاق فاؤنڈری کا کیس بھی کھلنا ہے، را سے لے کر ہر غلیظ الزام مسلم لیگ ن کی قیادت کے بارے میں کنیز خود کہہ رہی ہیں میں نہیں کہہ رہا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل عظمٰی بخاری کی جانب سے فیصل واوڈا کی تنقید پر شدید ردعمل دیا گیا تھا۔ اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ میاں صاحب کی اس عبرت ناک سیاسی حالت کے بعد بجائے اللہ کا ڈر ہو، ’بزدار ٹو‘ کی اکڑ تو ایسی ہے جیسے پاکستان میں ڈالر 200 ، پٹرول 150 اور روٹی 10 روپے کی ہو، یہ عوام کو آئی لو یو ٹو کہنے والوں کا اصل چہرہ ہے، یہ بزدار ٹو صرف 98 ووٹوں سے جیتی ہے، اگر اس کے بھی قانون اور آئین کے ٹھیکیداروں نے ڈبے کھول دیئے تو پنجاب اسمبلی میں نہیں رائے ونڈ محل میں ایسی حرکتیں ہو سکیں گی، اللہ تعالی اس ملک اور پنجاب کی عوام پر رحم کرے۔

اس کے جواب میں مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فیصل ووڈا کو اپنی دماغی حالت کا معائنہ کرانا چاہیئے، واوڈا خود 98 ووٹ تک لینے کا اہل نہیں، جو خود کونسلر نہیں بن سکتا، اسے تنقید کا حق نہیں، فیصل واوڈا جیسے لوگ ماضی بن چکے ہیں، اسی لیے ڈپریشن میں بہکی بہکی باتیں کرتے ہیں۔
                                                                     
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات