پی ایس ایل میں بہترین بائولنگ فگرز، اسامہ میر نے شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا

لیگ سپنر نے لاہور قلندرز کیخلاف 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیں، شاہد آفریدی نے 2018ء میں پشاور زلمی کیلئے 7 رنز دیکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 5 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 28 فروری 2024 12:09

پی ایس ایل میں بہترین بائولنگ فگرز، اسامہ میر نے شاہد آفریدی کو پیچھے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 فروری 2024ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز کے لیگ سپنر اسامہ میر نے لاہور قلندرز کیخلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ملتان سلطانز نے گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 60 رنز کے واضح مارجن سے شکست دی۔ مسلسل چھٹی شکست کے بعد قلندر کے پلے آف میں پہنچنے کے امکانات بھی کم ہوگئے۔

مذکورہ میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اسامہ میر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے 4 اوورز میں 40 رنز کے عوض 6 کھلاڑی آئوٹ کیے ۔ اپنی اس میچ وننگ پرفارمنس کے ساتھ اسامہ میر نے سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ریکارڈ بک میں پیچھے چھوڑ دیا۔ اسامہ میر پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے بہترین بولنگ کروانے والے سپنر بن گئے۔

(جاری ہے)

ان سے قبل یہ ریکارڈ شاہد آفریدی کے پاس تھا جنہوں نے 2018ء میں پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے 7 رنز دے کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ پی ایس ایل میں بہترین بولنگ کروانے کا ریکارڈ روی بوپارا کا ہے، انہوں نے کراچی کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز کے خلاف 16 رنز دے کر 6 وکٹیں لی تھیں۔ انکے علاوہ فہیم اشرف اور عمر گل اور عمران طاہر بھی 6، 6 وکٹیں لے کر اس فہرست میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔