اراکین قومی اسمبلی کے حلف اٹھانے کے بعد رول آف ممبر پر دستخط

دومارچ کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر‘ چار مارچ کو قائدایوان کا انتخاب ہوگا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 29 فروری 2024 12:00

اراکین قومی اسمبلی کے حلف اٹھانے کے بعد رول آف ممبر پر دستخط
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 فروری۔2024 ) قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے مختصر ایجنڈے میں قومی اسمبلی کے نو منتخب اراکین اسمبلی بطور رکن عہدے کا حلف لینے کے علاوہ نو منتخب اراکین رول آف ممبر پر دستخط شامل ہیں. قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے کل 336 اراکین میں سے 300 سو سے زائد اراکین نے اپنے کارڈ بنوا لیے ہیں اس لیے اجلاس میں 300 سو سے زائد اراکین کی جانب سے حلف لینے کا امکان ہے‘اراکین کے حلف کے بعد آٹھ فروری کے انتخابات کے نتیجے میں 16 ویں قومی اسمبلی کا قیام عمل میں آگیا ہے اور پہلے اجلاس کے دن سے آئین کے تحت اسمبلی کی پانچ برس کی مدت شروع ہو جائے گی.

(جاری ہے)

قبل ازیں 16 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا اجلاس صبح 10 بجے شروع ہونا تھا لیکن ایک گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسولﷺ سے ہوا جس کے بعد اسپیکر اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا. قومی اسمبلی میں پہلے مرحلہ مکمل ہو جانے کے بعد دوسرے مرحلے میں یکم مارچ کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے، جس کے بعد اگلے دن 2 مارچ کو خفیہ رائے شماری کے ذریعے ایوان کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا.

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اگلے مرحلے میں انتخاب ہوگا قائد ایوان یعنی وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع کیے جائیں گے اور 4 مارچ کو اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی 16ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کے شیڈول کے اعلان کے بعد کارروائی کو ملتوی کر دیا جائے گا.

قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر ریڈ زون میں سیکیورٹی الرٹ رہی اور غیر متعلقہ افراد کا پارلیمنٹ کے اطراف اور شاہراہ دستور پر داخلہ بند کر دیا گیا پارلیمنٹ کے داخلی راستوں پر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات ہے پارلیمنٹ کی حدود میں صرف مخصوص کارڈز، اسٹیکرز والی گاڑیوں کو داخل ہونے کی اجازت دی گئی.