Live Updates

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے 7ویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے اپنا حلف اٹھا لیا

جمعرات 29 فروری 2024 22:52

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 فروری2024ء) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے 7ویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے اپنا حلف اٹھا لیا۔ رانا تنویر حسین 8مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ 6مرتبہ وفاقی کابینہ کا حصہ اور ایک مرتبہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عہد ہ پر فائز رہے۔ پاکستان کے سینئر ترین پارلیمنٹیرین رانا تنویر حسین نے اپنی سیاسی زندگی کا آغا ز 1983میں ممبر ضلع کونسل شیخوپورہ کی حیثیت سے کیا جس کے بعد وہ قومی سطح کی سیاست کا حصہ بن گئے۔

انہوںنے 1985کے غیر جماعتی انتخابات میں آزاد حیثیت سے ممبر قومی اسمبلی کا انتخاب جیتا اور بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہو گئے۔1990میں رانا تنویر حسین دوسری مرتبہ جبکہ 1997میں تیسر ی کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف کے اسی دور میں معاون خصوصی برائے خزانہ کی حیثیت سے پہلی مرتبہ وفاقی کابینہ کا حصہ بنے۔ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے دور کے بعد2008میں منعقد ہونے والے انتخابات میں رانا تنویر حسین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این ای131اور این اے 132سے بیک وقت کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں حلقہ131کی نشست خالی کرکے اپنے بڑے بھائی رانا افضال حسین کو ضمنی انتخابات میںکامیاب دلائی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں بھی مسلم لیگ ن کے کوٹے سے راناتنویر حسین کو وفاقی وزرات دفاعی پیداوار کا قلمدان سونپا گیا۔2013کے عام انتخابات میں رانا تنویر حسین اور ان کے بڑے بھائی رانا افضال حسین نے دوبارہ کامیابی حاصل کی ۔ رانا تنویر حسین پانچویں مرتبہ جبکہ ان کے بھائی رانا افضال حسین دوسری مرتبہ رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے میں کامیاب ہوئے ۔

میاں نوا زشریف کی کابینہ میں انہیں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے منصب پر فائز رہنے کا موقع ملا۔ میاں نوا زشریف کی معزولی کے بعد شاہد خاقان عباسی کے دور حکومت میں بھی رانا تنویر حسین وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اور سائنس و ٹیکنالوجی کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیتے رہے۔2018کے انتخابات میں رانا تنویر حسین نے چھٹی مرتبہ رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھایا جبکہ ان کے بھائی رانا افضال حسین کامیاب نہ ہو سکے۔

میاں شہباز شریف کے انکار کے بعد رانا تنویر حسین کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کی نشست پر فائز رہنے کا موقع ملا۔2022میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد میاں شہباز شریف کی کابینہ میں رانا تنویر حسین کو چوتھی مرتبہ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کا قلمدان سونپا گیا۔2024کے حالیہ عام انتخابات میں پاکستان کے سینئر ترین سیاستدان اور پارلیمینٹرین رانا تنویر حسین نے 7ویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھایا ہے جبکہ ان کے بھتیجے رانا احمد عتیق انور بھی اپنے والد رانا افضال حسین کی جگہ پرالیکشن جیت کر پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

رانا تنویر حسین نے ان انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی139سے بھی کامیابی حاصل کی ہے مگر انہوںنے اپنی صوبائی اسمبلی نشست خالی کر دی ہے۔ امکان ہے کہ رانا تنویر حسین کو میاں شہباز شریف کی آئندہ کابینہ میں بھی نمائندگی دی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات