پی ٹی آئی دوست اگر مثبت اپوزیشن بنیں گے تو ہم آپ کو سرپر بٹھائیں گے

اگر دھمکیاں دیں گے تو پھر یہ ایوان آپ کی پراپرٹی یا بنی گالہ نہیں، ہم ایوان کو چلا کر دکھائیں گے، کس نے کہا تھا پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومت اپنے ہاتھوں سے توڑ دیں؟ احسن اقبال کا اپوزیشن رہنماؤں کے بیانات پرردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 1 مارچ 2024 20:53

پی ٹی آئی دوست اگر مثبت اپوزیشن بنیں گے تو ہم آپ کو سرپر بٹھائیں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ یکم مارچ 2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دوست اگر مثبت اپوزیشن بنیں گے تو ہم آپ کو سرپر بٹھائیں گے،اگر دھمکیاں دیں گے توپھر یہ ایوان آپ کی پراپرٹی نہیں، کس نے کہا تھا پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومت اپنے ہاتھوں سے توڑ دیں، ہم ایوان کو چلا کر دکھائیں گے یہ گالم گلوچ کیلئے کوئی سوشل میڈیا پلیٹ فارم نہیں۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنماؤں جنید اکبر اور عامر ڈوگر کے بیانات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وہ وقت بھی تھا جب ہر روز خود کش بمبار پھٹا کرتا تھا ، 18، 18گھنٹے بجلی نہیں ہوتی تھی، مگر ہم نے ان معاملات کو دانشمندی سے حل کیا، جب سانحہ اے پی ایس ہوا تو ہمارے دوست دھرنا دیئے بیٹھے تھے، لیکن دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب نے مل کر نیشنل ایکشن پلان بنایا، کے پی، کراچی اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن آیا، یہ وہ طاقت ہے جب قوم نے بتایا کہ جب مل کرکام کریں تو دہشتگردی جیسے چیلنج کو بھی شکست دے سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر اپوزیشن کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہپیے، ایک دوسرے کو نیچا دکھانے سے عوام نیچے ہوں گے، اگلے 24سالوں کیلئے ہمیں 5 سال مل کر کام کرنا ہوگا، کوئی ایک لیڈر کوئی ایک پارٹی ملک کے بحرانوں کو تنہا حل نہیں کرسکتاکیونکہ ملک کامیاب ہوسکتا ہے تو انتشار کے ذریعے نہیں بلکہ تعاون کی طاقت سے کامیاب ہوسکتا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کام کرنا ہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے دوستوں کی ایک ایک بات کا جواب دے سکتا ہوں، لیکن نہیں چاہتا کہ ماحول تلخ ہو۔اگر آپ دھمکیاں دیں گے ، ایوان کو چلنے نہیں دیں گے تو یہ آپ کی پراپرٹی نہیں، اگر آپ مثبت اپوزیشن بنیں گے تو ہم آپ کو سرپر بٹھائیں گے، آپ کا کردار بتا رہا ہے آپ میں حوصلہ نہیں ہے، ایوان میں مثبت اپوزیشن کی توقع کرتے ہیں ، آپ یہاں گالم گلوچ نہیں کریں گے کیونکہ یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم نہیں ہے، آپ نے منفی رویہ اپنایا تو یہ ایوان آپ کی جاگیر نہیں یہ ایوان چلے گا اور ہم اس کو چلا کر دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ نے بھی کامیابی کو ویلکم کیااور 750پوائنٹس کی سلامی دی۔ احسن اقبال نے کہا کہ کس نے کہا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومت اپنے ہاتھوں سے توڑ دیں، نوجوانوں سے لیپ ٹاپ لے کر کس نے انہیں کٹے پالنے پر لگایا تھا، لیکن ہم ملک کو آگے لے کر جائیں گے، ہم ملک کو 21ویں صدی میں لے کر جائیں گے۔