ایف بی آر کے انٹیلی جنس ونگ کی کارروائی ،سگریٹ بنانے والی غیر قانونی فیکٹری پکڑ ی گئی

فیکٹری میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف ناموں ،برانڈز کے لاکھوں جعلی سگریٹ بنائے جارہے تھے

پیر 4 مارچ 2024 15:10

ایف بی آر کے انٹیلی جنس ونگ کی کارروائی ،سگریٹ بنانے والی غیر قانونی ..
لاہور/ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس و انوسٹی گیشن ان لینڈ ریو نیو ملتان نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سگریٹ بنانے کی غیر قانونی فیکٹری پکڑ لی جسے سیل کر دیا گیا ، فیکٹری میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف ناموں ،برانڈز کے لاکھوں جعلی سگریٹ بنائے جارہے تھے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر ذوالفقار علی کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شرافت عباس اور دیگر افسران نے جلالپور پیر والہ کے علاقہ میں قائم سگریٹ بنانے والی غیر قانونی فیکٹری پر چھاپہ مارا ۔

فیکٹری کسی طرح کی قانونی رجسٹریشن اور ایف بی آر کی منظوری کے بغیر کام کر رہی تھی جس سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس و انکم ٹیکس کی مد میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا تھا۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کے مطابق انٹیلی جنس و انوسٹی گیشن ملتان ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس نیٹ ورک کے ذریعے کچھ عرصہ سے فیکٹری کی نگرانی کر رہا تھی اور مکمل تسلی کے بعد پولیس کی معاونت سے کارخانہ پر چھاپہ مارا گیا جہاں غیر قانونی سگریٹ مختلف ناموں سے بنائے جارہے تھے۔

دوران تلاشی سگریٹ کی بھاری مقدار کے علاوہ تمباکو اور سگریٹ کی تیاری میں استعمال ہونے والا دیگر سامان بشمول جعلی پیکنگ برآمد ہوا ہے جسے قبضہ میں لے کر فیکٹری کو سیل کر دیا گیا اور غیر قانونی سگریٹ سازی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔