Live Updates

موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ بانی پی ٹی آئی سے براہ راست ،بامقصد بات چیت ہے،چودھری پرویز الٰہی

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 45 پر ٹمپرنگ تشویشناک ،عوامی مینڈیٹ کی توہین کرکے ملک کو خوفناک بحران کی طرف دھکیلا جا رہا پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے امیدواروں کا رزلٹ ٹمپر کر کے ہروایا گیا، فارم 47 والے زیادہ دیر تک عوام کے مینڈیٹ پر قابض نہیں رہ سکیں گے جعلی حکومت کے پاس معیشت، غربت، مہنگائی، بے روزگاری امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو کنٹرول کرنے کا کوئی فارمولا نہیں

بدھ 6 مارچ 2024 22:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فارم 45 پر ٹمپرنگ تشویش ناک ہے، ملک بھر میں پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے امیدواروں کا رزلٹ ٹمپر کر کے ہروایا گیا، عوامی مینڈیٹ کی توہین کرکے ملک کو خوفناک بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جعلی حکومت کے پاس معیشت، غربت، مہنگائی، بے روزگاری امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو کنٹرول کرنے کا کوئی فارمولا نہیں،فارم 47 والے زیادہ دیر تک عوام کے مینڈیٹ پر قابض نہیں رہ سکیں گے، موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ بانی پی ٹی آئی سے براہ راست اور بامقصد بات چیت ہے۔

انہوں نے اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارم 45کے مطابق این اے 64کے رزلٹ میں قیصرہ الٰہی نے 1لاکھ 63ہزار 926ووٹ حاصل کیے، مخالف امیدوار سالک حسین کو صرف 32ہزار 312 ووٹ ملے، تحریک لبیک پاکستان کے امیدوارکو 17ہزار 784 ووٹ ملے، قیصرہ الٰہی کو سالک حسین پر 1لاکھ 31ہزار 614 ووٹ کی لیڈ حاصل ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فارم 45 پر ٹمپرنگ تشویش ناک ہے۔

(جاری ہے)

گجرات، اٹک، تلہ گنگ، منڈی بہائوالدین سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے امیدواروں کا رزلٹ ٹمپر کر کے ہروایا گیا، عوامی مینڈیٹ کی توہین کرکے ملک کو خوفناک بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مخصوص سیٹیں پی ڈی ایم میں تقسیم کرکے الیکشن کمیشن نے ظلم اور ناانصافی کی انتہا کر دی ہے، الیکشن کمیشن کا یہ فیصلہ اس ایشو پر عدلیہ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے، موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ بانی پی ٹی آئی سے براہ راست اور بامقصد بات چیت ہے، جعلی مقدمات اور پی ٹی آئی کے اصل مینڈیٹ کی واپسی کے بغیر حکومت کی مفاہمت کی پیشکش کوئی معنی نہیں رکھتی، چیئرمین پی ٹی آئی واحد شخصیت ہیں جو ملک کو لیڈ کر سکتے ہیں۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ جعلی ووٹوں اور جعلی سیٹوں سے جعلی حکومت میں مصنوعی طور پر ہوا بھری جا رہی ہے، حکومت کے جعلی مینڈیٹ کا غبارہ بہت جلد پھٹ جائے گا، فارم 47 والے زیادہ دیر تک عوام کے مینڈیٹ پر قابض نہیں رہ سکیں گے، گجرات کے عوام اپنے مینڈیٹ کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،اتوار کو عوام دھاندلی کے خلاف تاریخی احتجاج کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جعلی حکومت کے پاس معیشت، غربت، مہنگائی، بے روزگاری امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو کنٹرول کرنے کا کوئی فارمولا نہیں،اسمبلی میں لاڈلوں کی جھوٹی تقریریں عوام کے غصے کو کم نہیں کر سکتیں، موجودہ حکمران جعلسازی سے حکومت بنا کر بھی ذلیل ہو رہے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی آج بھی پاکستان کی سب سے مقبول جماعت ہے، پنجاب کی عوام پر تجربے بند کیے جائیں ہمارے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا لیں لیکن عوامی منصوبوں کو چلنے دیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات