دنیا چاند پرپہنچ گئی اورہم پانی کو ترس رہے ہیں، مصطفی کمال

ایک غریب آدمی جس کی تنخواہ 20 سے 25 روپے ہی ہے، وہ سات ہزارکا پانی کیسے خرید سکتا ہے، میڈیا سے بات چیت

جمعرات 7 مارچ 2024 16:35

دنیا چاند پرپہنچ گئی اورہم پانی کو ترس رہے ہیں، مصطفی کمال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئررہنما سیدمصطفی کمال نے کہا ہے کہ دنیا چاند پر پہنچ گئی اور ہم پانی کو ترس رہے ہیں،ایک غریب آدمی جس کی تنخواہ 20سی25روپے ہی ہے، وہ سات ہزار کا پانی کیسے خریدسکتاہے، یہ کراچی پورے پاکستان کو پالنے والا شہر ہے، یہی شہر پیسہ ہے، یہ پورے پاکستان کا نقصان ہے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ اپنی چھوٹی ٹیم کے ساتھ ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات کی، ہمیں اچھا رسپانس ملا ہے، لوگوں کے مسائل میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ جہاں لائن نہیں ہے وہاں رمضان میں ٹینکرز دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، جس کی 20، 25 ہزار روپے تنخواہ ہے وہ ٹینکر کیسے لے سکتا ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ 2007 کہ بعد ایک قطرہ پانی نہیں آیا، جو پانی آ رہا تھا اسی لائنوں سے چوری ہو رہاہے۔

(جاری ہے)

مصطفی کمال نے کہا کہ جو نیا پانی آنا ہے اس پر بریفنگ لی ہے، کے فور میں 260 ملین گیلن پانی آنا ہے، وہ منصوبہ اب 300 ارب کا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانی کراچی میں آنے کے بعد وہاں کہاں جائے گا، اس کا نظام ابھی کوئی نہیں ہے، ابھی صرف چالیس ارب روپے لگے ہیں، پیسوں کی ضرورت ہے وہ بھی آنا چاہیے۔کے فور کی تاریخ 2025 ہے، اس سے پہلے مکمل ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے پانی کے لیے ہم بھی کردار ادا کریں گے، اگر کوٹری سے کینجھر تک لائن نہ ڈالی تو منصوبہ مکمل ہونے کے بعد بھی یہ پانی نہیں آئے گا۔انہوں نے کہاکہ حب ڈیم کی مرمت نہیں ہوئی، ہم واٹر کارپوریشن اور بلدیاتی اداروں کی مدد کرنا چاہتے ہیں، اگر کوئی پانی چوری کر رہا ہے یا کروا رہا ہوگا، اس کے سامنے کھڑے ہوں گے۔