ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے

جمعرات 7 مارچ 2024 23:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردرہے گا تاہم گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا تاہم بلوچستان،بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر اورگلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں ژوب 10،خیبر پختونخوا میں کالام 07، دیر06، مالم جبہ 05، بالاکوٹ 03، پٹن، میرکھانی 01،پنجاب میں جوہر آباد 04، لاہور (سٹی 03، ایئر پورٹ 01)گجرات، قصور، نور پور تھل 02، کشمیر میں مظفر آباد (ایئر پورٹ03 ، سٹی02)، گڑھی دوپٹہ 02، گلگت بلتستان میں بگروٹ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

کالام 3.5، مالم جبہ 01 اورہنزہ میں 0.5 انچ برف باری ریکارڈ ہوئی۔ اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی09 ،کالام منفی 07، استور منفی 03، بگروٹ، دروش،ہنزہ اور سکردو میں منفی 02ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔