عمر ایوب کی 6مقدمات میں راہداری ضمانت منظور

پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ میں دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی،عمر ایوب پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ کے سامنے پیش ہوگئے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 8 مارچ 2024 15:38

عمر ایوب کی 6مقدمات میں راہداری ضمانت منظور
ایبٹ آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 مارچ2024 ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنماءعمر ایوب کی 6مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کرلی گئی،پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ میںرہنماءتحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت ہوئی،عمر ایوب پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ کے سامنے پیش ہو گئے۔عدالت نے عمرایوب کی چھ مقدمات میں 14 اپریل تک راہداری ضمانت منظور کی ۔

قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر عمرب ایوب کے خلاف پنجاب کے شہروں میانوالی، فیصل آباد اور لاہور میں مقدمات درج ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ نے بھی رہنماءتحریک انصاف عمر ایوب کی کیسز میں حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔پشاور ہائی کورٹ میں عمر ایوب کی حفاظتی و راہداری ضمانت کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی تھی جس دوران عمر ایوب وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

وکیل بابر اعوان نے عدالت میں کہا تھا کہ عمر ایوب کے خلاف کل 23 مقدمات درج ہیں، 4 کیس لاہور، 13 راولپنڈی، 2 اسلام آباد، 3 اٹک، 1 کیس گوجرانوالہ میں درج ہے، میرا درخواست گزار وزیراعظم کا امیدوار ہے، 8 ہفتے دیئے جائیں تاکہ تمام مقدمات میں ریلیف لیا جائے۔چیف جسٹس نے ایڈیشنل اکاﺅنٹنٹ جنرل سے استفسار کیا تھاکہ ملزم کو کتنے دن کی مہلت دی جائے تاکہ وہ ضمانت لے، جس پر اے اے جی دانیال چمکنی نے کہا کہ عدالت کو جو مناسب لگے وہی ٹائم دے۔

بعدازاں پشاور ہائی کورٹ نے عمر ایوب کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کو ایک ماہ میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمر ایوب کو ضمانت دے دی ہے اب کسی کیس میں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔