منوڑہ میں دو ٹریٹمنٹ پلانٹس لگا رہے ہیں جن سے پانچ لاکھ گیلن پانی ملے گا، میئر کراچی

جمعہ 8 مارچ 2024 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ منوڑہ میں دو ٹریٹمنٹ پلانٹس لگا رہے ہیں جس سے پانچ لاکھ گیلن پانی ملے گا،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تاجر اور صنعتکار برادری ہمارے ساتھ کام کرے،پانی کی چوری میں واٹر بورڈ، صنعتکار اور شہری ملوث ہیں، شہر میں اس وقت سات ہائینڈرینٹ چل رہے ہیں، پانی کے ٹینکرز کو رجسٹر کیا جا رہا ہے، اب تک تین ہزار ٹینکرز رجسٹر کرچکے ہیں، 2017-18 میں سب سوائل سے زیر زمین کے پانی کے 34 لائسنس جاری کئے گئے تھے اس کا مقصد زیر زمین پانی استعمال کرنا تھا لیکن بعض لوگوں نے اس کا غلط فائدہ اٹھایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرم شیخ،نائب صدر آصف شیخ، محمد حنیف گوہر اور دیگر عہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی نے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لئے میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکس کی شرح کو کم کرکے 50روپے اور زیادہ سے زیادہ 200 روپے کردیا ہے تاہم میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکس ریکوری کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے جس کے لئے ہم نے میونسپل ٹیکس کو بجلی کے بل میں شامل کرنے کے لئے اقدامات کئے تھے مگر جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم نے میونسپل ٹیکس بجلی کے بل میں شامل کرنے کے خلاف عدالت سے حکم امتناع لے لیا تھا اور گزشتہ دو سال سے یہ امتناع جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کہیں بھی آگ لگنے کے تمام واقعات میں کے ایم سی کا محکمہ فائر بریگیڈ کارروائی کرتا ہے،نئی تین اسنارکلز محکمہ فائربریگیڈ کو دی گئی ہیں تاکہ کثیر المنزلہ عمارتوں میں لگنے والی آگ کو جلد از جلد بجھایا جائے اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو چھ ہزار میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے،ہمارے ساڑھے پانچ سو نالوں پر سولر پارک بنائے جاسکتے ہیں جو افراد سولر بیس اور ونڈ بیس انرجی پر کام کرنا چاہتے ہیں وہ ہمارے ساتھ مل کر کام کریں،اس مقصد کے لئے کے ایم سی کے پاس کافی زمین موجود ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہم شہر میں کام کرنا چاہتے ہیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، کراچی میں کاروبار کرنے والے تاجر اور صنعتکار اس کام میں ہمارا ہاتھ بٹائیں،کورنگی میں چار لین کا نیا جام صادق پل تعمیر کر رہے ہیں جس سے صنعتی علاقے میں ٹریفک کی آمدو رفت بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو بہتر بنانے کے لئے ماضی کی غلطیوں سے اجتناب کرنا ہوگا، صنعتکار برادری اور تاجر کسی بھی معاشرے میں اہم کردار رکھتے ہیں، صنعتی، تجارتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے سندھ کی حکومت اور کے ایم سی ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ایسی پالیسی بنائی جا رہی ہے جس سے شہریوں کا مفاد وابستہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ صنعتکار اور تاجر ہماری رہنمائی کریں اور خصوصا کراچی کے تمام صنعتی زونز اور کاروباری مراکز کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز دیں، ہم سب مل کر اپنے شہر کو بہتر اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔