خیبرپختونخوا اسمبلی صدارتی انتخاب ، محمود خان اچکزئی نے 91 اور آصف علی زرداری نے17 ووٹ حاصل کئے

ہفتہ 9 مارچ 2024 19:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2024ء) صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا میں صدرپاکستان کےعہدے کیلئے سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی نے 91 اور وفاقی اتحادی حکومت کے آصف علی زرداری نے 17 ووٹ حاصل کئے۔

(جاری ہے)

پریزائیڈنگ آفیسرچیف جسٹس پشاورہائی کورٹ محمد ابراہیم خان کی جانب سے اعلان کردہ نتائج کے مطابق محمود خان اچکزئی نے 40.80 ووٹ حاصل کئے اور آصف علی زرداری کو 7.62 ووٹ ملے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا، پولنگ صبح 10 بجے شروع ہوئی اورچیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ محمد ابراہیم خان کی نگرانی میں بغیر کسی وقفے کے شام 4 بجے تک جاری رہی، صوبائی وزیرارشد ایوب نے انتخابی عمل شروع کرنے کیلئے پہلا ووٹ پول کیا ، صدارتی انتخاب میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے 109 ارکان نے حصہ لیا، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9ارکان نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، وفاقی مخلوط حکومت کے امیدوارآصف علی زرداری اورسنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی کے درمیان ون آن ون مقابلہ تھا، پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈراحمد کریم کنڈی آصف علی زرداری کے پولنگ ایجنٹ تھے جبکہ وزیرمینا خان محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ تھے، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی پی اوراے این پی کے ارکان نے آصف علی زرداری کے حق میں ووٹ ڈالا۔