18ویں ترمیم کے خالق کے ہوتے 18ویں ترمیم برقرار رہے گی ،نثارکھوڑو

آصف علی زرداری کے صدر مملکت منتخب ہونے سے نئے قومی مالیاتی ایوارڈ کے اجرا کا راستہ ہموار ہوگا،صدر پیپلزپارٹی سندھ

ہفتہ 9 مارچ 2024 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2024ء) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے آصف علی زرداری کو بھاری اکثریت سے دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے خالق کے ہوتے ہوئے آئین میں 18 ویں ترمیم برقرار رہے گی اور صوبائی خودمختاری پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی خودمختاری اس وقت نامکمل ہے اور صوبائی خودمختاری کی جن شقوں پر عمل نہیں ہوا ان شقوں پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا نیا قومی مالیاتی ایوارڈ جو ہر ہانچ سال میں آنا چاہئے وہ ابھی تک نہیں دیا گیا ہے اور اب آصف علی زرداری کے صدر مملکت منتخب ہونے سے نئے قومی مالیاتی ایوارڈ کے اجرا کا راستہ ہموار ہوگا اور نئے قومی مالیاتی ایوارڈ کا اجرا کرکے صوبوں کو معاشی طور پر مضبوط کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کے نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کرکے صوبوِں کا حصہ 57 فیصد سے مزید بڑھایا جائے کیونکہ آئینی طور پر این ایف سی میں صوبوں کا حصہ بڑھایا تو جا سکتا ہے کم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط صوبے مضبوط وفاق کی علامت ہیں اس لئے کنکرنٹ لسٹ کے خاتمے کے بعد جو وفاقی وزارتیں صوبوں کے حوالے کی جانی تھی ان کو صوبوں کے حوالے کیا جائے اور ساتھ ساتھ ان وزارتوں کے اخراجات صوبوں کو منتقل ہونے سے صوبے معاشی طور پر مضبوط ہونگے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ آصف علی زرداری کے صدر مملکت کے منصب پر فائز ہونے سے ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری رہے گا اور پارلیمنٹ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور ملک جمہوری معاشی ،سیاسی طور پر مضبوط ہوگا۔