۹آصف زرداری بلوچستان کے مسائل کے حل اور ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردارادا کریں گے،رہنما پاکستان پیپلز پارٹی

ہفتہ 9 مارچ 2024 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے نومنتخب صدرپاکستان آصف علی زرداری کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج ایک مرتبہ پھر جمہوریت کی فتح ہوئی ہے ،صدرآصف علی زرداری ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر بلوچستان کے مسائل کے حل اور ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردارادا کریں گے۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم اچکزئی ،فنانس سیکرٹری ملک حمید کاکر،آفس سیکرٹری اختر بلوچ صوبائی ڈپٹی میڈیا کوارڈی نیٹراختر شاہ مندوخیل، پیپلز لیبر بیورو بلوچستان کے صدر شاہجہان گجر، یوتھ ونگ بلوچستان کے صدر عین الدین کاکڑ، پی ایس ایف بلوچستان کے صدر جہانگیر بلوچ، انجینئر ونگ کے صدرانجینئر علی احمد ،جبار خلجی ، سردار عمران بنگلزئی، عبدالرحمن زہری، صغیر کھرل، اسد گجر، اسرار شاہوانی، مٹھا عمرانی،منور حسین لانگو، حاجی امین بنگلزئی،ٹکا خان حمزہ زئی، ملک محمد شاہ، کامریڈ سید نبی، سردار احمد خان محمد خیل، بابو لاشاری، بشیر لانگواوردیگر نے پیپلز پارٹی کے آفس سیکرٹری اختربلوچ اور پیپلز لیبر بیورو کی جانب سے آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہونے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کرنے کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ا س موقع آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہونے کی خوشی میں پارٹی کے رہنماوں اورکارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر علاقی رقص بھی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اوراسکی اتحادی جماعتوں نے آصف علی زرداری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوبارہ پاکستان کا صدر منتخب کیا ہے جس سے جمہوریت کی فتح ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے سابقہ دور میں بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی ختم کرنے اور صوبے کو درپیش مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا اب بھی بلوچستان کے مسائل کے حل میں اپنا بھر پور کردارادا کریں گے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، فریال تالپور ، آصفہ بھٹو اور پارٹی کے جیالوں کو مبارکباد پیش کی ۔