Live Updates

فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26مارچ تک توسیع

سابق وفاقی وزیر کواحتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کی عدالت پیش کیا گیا،عدالت کی اہل خانہ سے فون پر بات چیت کی اجازت

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 11 مارچ 2024 13:15

اسلام آ باد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مارچ2024 ء) فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26مارچ تک توسیع کر دی گئی ،احتساب عدالت نے سابق وفاقی وزیر کو اہل خانہ سے فون پر بات کرنے کی اجازت بھی دیدی۔فواد چوہدری کوجہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خردبرد سے متعلق کیس میںاحتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کی عدالت پیش کیا گیا جہاں نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ فواد چوہدری کے خلاف انکوائریاں ابھی جاری ہیں۔

فواد چوہدری نے عدالت میں کہا کہ خاندان کے افراد اور بیٹیوں سے فون پر بات کی اجازت دی جائے جس پر احتساب عدالت نے فواد چوہدری کی استدعا منظور کر لی ۔بعدازاں احتساب عدالت نے فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 مارچ تک توسیع کر دی۔خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جیل میں فیملی سے ملاقات کیلئے جیل حکام کی طرف سے جمعرات کا دن مختص کرنے پر درخواست نمٹا دی تھی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے فواد چوہدری کی اہلیہ حباءفواد کی درخواست پر سماعت کی گئی تو سٹیٹ کونسل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا تھاکہ جیل حکام نے فواد چوہدری کی فیملی سے ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مقرر کیاہوا ہے اور ہر جمعرات کو فواد چوہدری کے اہل خانہ جیل میں ملاقات کر سکیں گے۔ عدالت نے ملاقات کا دن مختص ہونے پر درخواست نمٹا دی تھی۔

عدالت میں سماعت کے بعد سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاتھا کہ جس دن فارم 45 اپ لوڈ ہوئے اس دن ایک نیا پنڈورا باکس کھل جائے گا۔ الیکشن کمیشن فارم 45 ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کرنے سے ڈر رہا ہے، جس دن فارم 45 اپ لوڈ ہوئے اس دن ایک نیا پنڈورا باکس کھل جائے گا، عمران خان نے جس دن سے کہا الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگے گا اس دن سے یہ ڈرے ہوئے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات