سپریم کورٹ کی 3 رکنی انتظامی کمیٹی کی کمپوزیشن تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

جسٹس منصور علی شاہ چیف جسٹس کے بعد سپریم کورٹ کے سینئرجج بن گئے

بدھ 13 مارچ 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2024ء) سپریم کورٹ کی 3رکنی انتظامی کمیٹی کی کمپوزیشن تبدیل ہوگئی،جسٹس منصور علی شاہ چیف جسٹس کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر جج بن گئے۔ تفصیلا ت کے مطابق جسٹس سردار طارق مسعود کی ریٹائرمنٹ سے سپریم کورٹ کی 3رکنی انتظامی کمیٹی کی کمپوزیشن تبدیل ہوگئی ہے جسٹس منصور علی شاہ چیف جسٹس کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر جج بن گئے ہیںاس حوالے سے رجسٹرار سپریم کورٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ میں بینچز کی تشکیل اور 184تین کے تحت مقدمات کی فیکسیشن کرنے والی 3رکنی کمیٹی میں جسٹس سردار طارق مسعود کی ریٹائرمنٹ کے بعد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس منصور علی شاہ کیساتھ جسٹس منیب اختر شامل ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس سردار طارق مسعود اور لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی کی ریٹائرمنٹ اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نعیم اختر افغان کی سپریم کورٹ جج تعیناتی کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل میں بھی اہم تبدیلیاں ہوئی ہیں، سپریم کورٹ کے جج جسٹس منیب اختر ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ محمد ابراہیم خان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق جوڈیشل کونسل کے رکن بن گئے ہیں۔

جسٹس سردار طارق مسعود کی ریٹائرمنٹ کے بعد اعلی عدلیہ میں ججز کی تقرری فورم جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی کمپوزیشن بھی تبدیل ہوگئی ہے، جسٹس امین الدین خان جوڈیشل کمیشن کے رکن بن گئے جبکہ جوڈیشل کمیشن میں چیف جسٹس کے علاوہ سپریم کورٹ کے 4سینئر ججز شامل ہوتے ہیں۔