Live Updates

وزیر صحت خواجہ عمران نزیر نے تمام ورٹیکل پروگرامز پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، جیلوں میں قائم ہسپتالوں کا جلد دورہ کروں گا

ایف ایم صحت زندگی سٹوڈیو میں گئے،،حفظان صحت کے اصولوں پر معروف فںکار، ہیروز سٹوڈیو بلاکر عوام کو آگہی دی جائیگی‘خواجہ عمران نذیر

بدھ 13 مارچ 2024 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2024ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیرنے تمام ورٹیکل پروگرامز کی پرفارمنس اور انیشیٹیوز پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور کہا ہے کہ ان پروگرامز کے تمام اقدامات پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں گے۔ انہوں نے تمام ورٹیکل پروگرامز کی ریویمپنگ کرنے کے لئے جامع منصوبہ وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہر ورٹیکل پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ورٹیکل پروگرامز کے مختص کردہ فنڈز ہر صورت میں شفاف طریقے سے خرچ کئے جائیں گے تاکہ مطلوبہ انڈیکیٹرز حاصل کئے جائیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے یہ ہدایات ورٹیکل پروگرامز کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پروگرام کی ایکٹیویٹی سے متعلق ہر ماہ رپورٹ پیش کی جائے۔خواجہ عمران نزیر کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں قائم ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے جلد دورے کروں گا، پنجاب میں پولیو کا خاتمہ میرا مشن ہے، Slums ایریاز میں ای پی آئی سنٹرز قائم کریں گے۔ صوبائی وزیر صحت کو پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام اور ای پی آئی پروگرام کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری ورٹیکل پروگرامز بابر رحمن، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر صوفیہ، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار اعوان، ایڈیشنل سیکرٹری قلندر خان، ڈی جی ڈرگز کنٹرول محمد سہیل اور چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر سلیمی نے شرکت کی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر خواجہ عمران نزیر نے محکمہ صحت میں قائم FM صحت زندگی سٹوڈیو کا دورہ کیا اورلائیو اور براڈکاسٹنگ پروگرام میں شریک ہوئے اور پیغام ریکارڈ کرایا۔

خواجہ عمران نزیر نے کہا کہ ایف ایم صحت زندگی سٹوڈیو جدید سہولتوں سے آراستہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف ایف ایم صحت زندگی سٹوڈیو دیکھنے کے لئے جلد دورہ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں اور لئے گئے انیشیٹیوز پر ایف ایم سٹوڈیو میں قومی ہیروز اور معروف فنکار بلاکر عوام کی آگاہی کے لئے پیغامات دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے تمام انیشیٹیوز سے متعلق آگاہی کے لئے سوشل میڈیا سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔ خواجہ عمران نزیر نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی تفویض کردہ ذمہ داریاں کماحقہ انجام دینے میں دن رات ایک کریں گے۔ دورہ کے دوران صوبائی وزیر خواجہ عمران نزیر کو ایف ایم صحت زندگی سٹوڈیو کے غرض و غایت پر ڈائریکٹر HISDU محمد احمر نے بریفنگ دی۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محمد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری راشد ارشاد، سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈکٹر عاصم الطاف بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات