یہ ری کائونٹنگ کے نام پر ہماری مزید سیٹوں پر فارم 47کی طرح کا جھرلو پھیرنا چاہتے ہیں

ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو تحریک انصاف کی مزید 20 نشستوں پر جھرلو پھیرنے کے عوض یہ جعلی حکومت کینیڈا سفیر بنا کر بھیج رہی ہے، عمر ایوب خان کا الزام

muhammad ali محمد علی جمعرات 14 مارچ 2024 00:40

یہ ری کائونٹنگ کے نام پر ہماری مزید سیٹوں پر فارم 47کی طرح کا جھرلو پھیرنا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ2024ء) عمر ایوب خان کے مطابق ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو تحریک انصاف کی مزید 20 نشستوں پر جھرلو پھیرنے کے عوض یہ جعلی حکومت کینیڈا سفیر بنا کر بھیج رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کی جانب سے نامزد قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ میں رکن اسمبلی ہوں، ایوان میں داخلے کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اندر داخل ہونے سے روکا گیا، انسپکٹر مشتاق کے پاس یہ اختیار کہاں سے آیا کہ قومی اسمبلی کا گیٹ بند کرے، کل یہی انسپکٹر آپ کی گاڑی روکے گا اور کہے گا کہ مجھے اوپر سے آرڈر آیا ہے، انسپکٹر مشتاق نے ہم پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کیلئے باقی پولیس اہلکاروں کو اشارہ کیا۔

عمر ایوب نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے ہمارے حقوق ہیں یا نہیں ہیں، کیا ہمیں حق ہے کہ ہم اپنے حلقے کی نمائندگی باعزت طور پر قومی اسمبلی میں آکر کرسکیں ،انہوں نے کہا کہ ہم انسپکٹر مشتاق کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

عمرایوب نے کہا کہ مجھے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا گیا ہے، اس کے اوپر عمل کر کے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔عمر ایوب نے کہا کہ ہم عدالتی احکامات کے ساتھ بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل ملنے جا رہے تھے، ہمیں سپرنٹنڈنٹ جیل کے کہنے پر روکا گیا اور کہا گیا کہ دہشت گردی کا خطرہ ہے، کیا یہ پولیس والے صرف ہماری خواتین اور نہتے لوگوں پر لاٹھی چارج کر سکتے ہیں ان پولیس والوں کی دہشت گردوں کے سامنے ٹانگیں کیوں کانپتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ اور سردار لطیف کھوسہ کو گرفتار کیا گیا، ہمارے سینئر اراکین کا استحقاق مجروح کیا گیا،ہم سردار لطیف کھوسہ اور دیگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، آخر کس قانون کے تحت ہمیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے سے روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری رکن اسمبلی شاندانہ گلزار کو ایف آئی اے نے خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شاندانہ گلزار نے وزیراعلی پنجاب کے خلاف بات کی ہے، وزیرِ اعلی پنجاب کے خلاف بات کرنا ان کا آئینی حق ہے، ایف ائی اے کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ری کائونٹنگ کے نام پر ہماری مزید سیٹوں پر فارم 47کی طرح کا جھرلو پھیرنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو تحریک انصاف کی مزید 20 نشستوں پر جھرلو پھیرنے کے عوض یہ جعلی حکومت کینیڈا سفیر بنا کر بھیج رہی ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو فورا مستعفی ہو جانا چاہئے۔