Live Updates

ضمنی انتخابات،الیکشن کمیشن نے ٹرانسفرپوسٹنگ پر پابندی لگا دی

21 اپریل تک ٹرانسفر پوسٹنگ اور ترقیاتی سکیموں کا اعلان بھی نہیں کیا جائے گا،الیکشن کمیشن نے ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 15 مارچ 2024 10:14

ضمنی انتخابات،الیکشن کمیشن نے ٹرانسفرپوسٹنگ پر پابندی لگا دی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مارچ2024 ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کے انعقاد تک ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد کر دی، 21 اپریل تک ٹرانسفر پوسٹنگ اور ترقیاتی سکیموں کا اعلان بھی نہیں کیا جائے گا،ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق ضمنی انتخابات کے انعقاد تک تمام متعلقہ اضلاع میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر مکمل طور پر پابندی ہو گی۔

ضمنی انتخابات تک کوئی سرکاری عہدیدار یا منتخب نمائندہ کسی ترقیاتی منصوبے کا اعلان نہیں کرے گا۔پنجاب کے 12حلقوں میں 21اپریل کو ضمنی الیکشن ہونگے ،جبکہ لاہور کے پی پی 147 ، پی پی 149، پی پی 158 اور پی پی 164 اور این اے 119میں ضمنی انتخابات ہونگے ۔یہ نشستیں شہباز شریف،عبدالعلیم خان ،حمزہ شہباز ،اور مریم نواز کی جانب سے خالی کی گئیں تھیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ رحیم یار خان،ڈی جی خان ،گجرات،شیخوپورہ،نارروال ،رحیم یار خان ،بھکر ،تلہ گنگ،وزیرآبادکے حلقوں میں بھی ضمنی انتخابات ہونگے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کیلئے انتخابی شیڈول کااعلان کیاتھا۔شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کی 6 ، پنجاب کی 12 ، خیبر پختونخوا ( کے پی ) اور بلوچستان کی دو، دو نشستوں اور سندھ کی ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر بھی ضمنی انتخاب 21 اپریل کو ہوگا۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 16 سے 18 مارچ تک جمع کئے جائیں گے اور امیدواروں کی ابتدائی فہرست 18 مارچ کو آویزاں کی جائے گی ۔

21 مارچ کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن ٹربیونل 28 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے، کاغذات نامزدگی 29 مارچ تک واپس لئے جاسکیں گے، حتمی امیدواروں کی فہرست 29 مارچ کو آویزاں کی جائے گی اور انتخابی نشانات 30 مارچ کو الاٹ کئے جائیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات