Live Updates

علی امین گنڈا پور کا اپنی چھوڑی نشست این اے44 کیلئے فیصل امین کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ

کسی کا رشتہ دار ہوکر آگے آنا کوئی موروثی سیاست نہیں ،صوبے میں ہماری پالیسی بانی پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق ہوگی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 15 مارچ 2024 20:27

علی امین گنڈا پور کا اپنی چھوڑی نشست این اے44 کیلئے فیصل امین کو ٹکٹ ..
پشاور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 مارچ 2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ کسی کا رشتہ دار ہوکر آگے آنا کوئی موروثی سیاست نہیں ،ہماری پالیسی بانی پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق ہوگی۔اے آروائی کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے اپنے بیان میں کہا کہ این اے 44 ڈی آئی خان کی نشست چھوڑ دی ہے، فیصل امین این اے 44 سے ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے، کسی کا رشتہ دار ہوکر آگے آنا کوئی موروثی سیاست نہیں ہے، اگر کسی کا رشتہ دار اہل نہیں لیکن پھر بھی اس کو لایا جائے تو وہ موروثی سیاست ہے، بانی پی ٹی آئی نے پوچھا کہ بھائی کو کابینہ میں کہاں ایڈجسٹ کررہے ہو؟بانی پی ٹی آئی کو پتا نہیں تھا کہ میرے بھائی نے تو ابھی الیکشن لڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہماری پالیسی بانی پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق ہوگی۔

(جاری ہے)

 عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ علی امین گنڈا پور نے این اے 44 میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پی کے 113 میں جے یوآئی (ف) کے امیدوار کفیل احمد نظامی کو بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔ این اے 44 ڈی آئی خان سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی امین گنڈا پور نے 93 ہزار 443 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے۔

اس حلقے سے مولانا فضل الرحمان 59 ہزار 922 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور کے پی میں پی ٹی آئی کی پہلی حکومت میں صوبائی وزیر ریونیو تھے اور وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں تھیں۔8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں نے صوبے بھر میںحکومت بنانے کیلئے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مطلوبہ اکثریت حاصل کر لی تھی۔

جس کے بعد عمران خان نے علی امین گنڈاپورکو وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نامزد کیا تھا ۔بعدازاں علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس میں ہوئی تھی جہاں گورنر خیبرپختونخواہ غلام علی نے ان سے عہدے کا حلف لیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات