عدالت نے مونس الٰہی کے انٹرپول ریڈ نوٹسز بارے رپورٹ طلب کرلی

سپیشل سینٹرل کورٹ لاہور کے جج تنویر احمد شیخ نے مونس الٰہی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس کا تحریری حکم جاری کر دیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 16 مارچ 2024 11:19

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مارچ2024 ء) لاہور کی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی کے انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹسز سے متعلق رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کرلی،سپیشل سینٹرل کورٹ لاہور کے جج تنویر احمد شیخ نے مونس الٰہی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس کا تحریری حکم جاری کر دیا۔عدالت نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ ایف آئی اے لاہور نے مونس الٰہی کی جائیدادیں منجمد کرنے کی رپورٹ پیش کی جس کے مطابق جائیداد، گاڑیوں کا شوروم اور کمپنی میں شیئرز کو منجمد کیا گیا۔

عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو پرویز الٰہی کے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی پر دستخط کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کروانے کے حکم پر عملدرآمد کروائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کیس کی سماعت 18 اپریل تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے صاحبزادے مونس الہی کی تمام جائیدادیں منجمد کر دی تھیں۔

لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت میں مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں بڑی پیش رفت ہوئی، ایف آئی اے نے رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی۔عدالت نے مونس الٰہی کی منجمد ہونے والی جائیدادوں کو آگے ٹرانسفر کرنے سے روک دیاتھا۔عدالت کے تحریری حکم میں بتایا گیا تھا کہ رپورٹ کے مطابق مونس الٰہی اس عدالت سے اشتہاری ہوچکا ہے، جبکہ مونس الٰہی کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ30 جنوری کو لاہور کی عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ایف آئی اے لاہور نے مونس الٰہی کے انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کیلئے مراسلہ بھجوا دیا تھا اور اسپیشل کورٹ سینٹرل نے مونس الہٰی کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردئیے تھے۔