یونیورسٹی آف خوشاب کے قیام سے طلبا کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا، ،ملک شاکر بشیر اعوان

اتوار 17 مارچ 2024 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف خوشاب کے قیام سے طلبا کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا جس کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں ۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں رکن قومی اسمبلی این اے 87 خوشاب نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہائیر ایجو کیشن کمیشن ( ایچ ای سی)کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی ہے اور انہوں نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف خوشاب کے قیام کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال سے بھی ملاقات کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے یونیورسٹی آف خوشاب کے قیام کیلئے آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں فنڈز مختص کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔ ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ انشاءاللہ جلد خوشاب کے طلبا کو یونیورسٹی آف خوشاب کا تحفہ دیکر عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کروں گا۔ یونیورسٹی کے قیام سے علاقہ میں طلبا و طالبات کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی اور علاقہ میں شرح تعلیم کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔