افغانستان، آئل ٹینکر اور مسافر بس میں تصادم،21افراد جاں بحق

مسافر بس ہرات سے کابل جا رہی تھی پہلے موٹر سائیکل اور پھر آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی

پیر 18 مارچ 2024 16:12

ہرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) افغانستان کے صوبے ہلمند میں آئل ٹینکر اور بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبائی محکمہ اطلاعات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ اتوار کی صبح ٹینکر، مسافر بس اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد مارے گئے جبکہ 38 زخمی بھی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ صوبہ ہیرات کے ضلع گریشک میں ہیرات۔قندھار ہائی وے پر پیش آیا۔ہلمند کے گورنر کے ترجمان محمد قاسم ریاض نے کو بتایا کہ تصادم کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔محکمہ اطلاعات کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں ہائی وے پر جلی ہوئی لاشوں اور ٹینکر کے دبے ہوئے کیبن کو دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا تھاکہ صفائی کا عملہ جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹا رہا ہے۔

زخمیوں میں سے 11 شدید زخمی ہوئے جبکہ 27 کو معمولی چوٹیں آئیں۔ ہلمند کے ٹریفک مینجمنٹ کے حکام نے بتایا کہ مسافر بس ہرات شہر سے دارالحکومت کابل جا رہی تھی کہ پہلے ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس پر دو افراد سوار تھے اور وہ دونوں ہلاک ہو گئے۔موٹر سائیکل سے ٹکر کے بعد بس ڈرائیور نے اپنا کنٹرول کھو دیا اور جنوبی شہر قندھار سے ہرات جانے والے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے آگ بھڑک اٹھی۔