جامعہ کراچی اور پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن (بی پی ایس ای) کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پیر 18 مارچ 2024 17:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) جامعہ کراچی میں اور پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن(بی پی ایس ای) کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب پیرکے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی ۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالدمحمودعراقی اور صدر پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن پروفیسرڈاکٹر سعید خان نے دستخط کئے جس کا مقصدجامعہ کراچی کی لیبز،کیمپس اور معاشرے میں بائیو سیفٹی، بائیو سیکیورٹی، اور رسک مینجمنٹ کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دیناہے۔

اس موقع پر فیکلٹی آف سائنس کے مختلف شعبہ جات کے صدوراور بائیولوجیکل ریسرچرزاور سائنٹسٹ بھی موجودتھے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق جامعہ کراچی اور بی پی ایس اے نے مشترکہ طور پر حیاتیاتی سائنسدانوں اور محققین کو تربیت دینے کے لیے علمی، سائنسی،حیاتیاتی تحقیق اور تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن جامعہ کراچی میں ٹریننگ کے لئے تکنیکی مدد اور مہارت فراہم کرے گی اورمشترکہ طورپربائیو سیفٹی اور بائیو سیکیورٹی کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی۔

پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے جامعہ کراچی کے فیکلٹی ممبران کو انٹرنیشنل فیڈریشن فاربائیوسیفٹی ایسوسی ایشن کے سرٹیفیکیشن امتحان میں تربیت حاصل کرنے کے لئے سہولت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ آگے بڑھنے اور ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ جڑنے اور عصرحاضرکے جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے تعلیمی اشتراک ناگزیر ہے۔

تعلیمی اشتراک کے بغیر ہم اپنے تعلیمی اہداف حاصل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں حفاظتی اقدامات کے فوائد کو سمجھنے کے حوالے سے بتدریج اضافہ ہورہاہے اوراب کام پر حفاظتی اقدامات کویقینی بنایاجارہاہے جو خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ تربیت کے ساتھ کیمپس کا عملہ، طلباء اور اساتذہ بائیو سیفٹی، بائیو سیکورٹی اور رسک مینجمنٹ کی اہمیت کے بارے میں بہت کچھ سیکھیں گے۔

پی بی ایس اے کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سعید خان نے بتایا کہ باہمی تعاون سے دونوں ادارے کے دستیاب وسائل کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کے ساتھ مل کر پی بی ایس اے سندھ کی دیگر یونیورسٹیوں کے لیے تربیت کا انعقاد کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ پی بی ایس اے نے کوویڈ 19 کے دوران بہترین سہولیات فراہم کی ہیں اور وبائی مرض سے پہلے انہیں جو تربیت ملی تھی اس سے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے میں بہت مدد ملی۔