کراچی میں الیکٹرک بسوں کے مزید دو روٹ شروع کئے جارہے ہیں،شرجیل انعام میمن

سندھ حکومت صوبے کے عوام کو جدید ترین ، سستی ترین اور بہترین سفری سہولتیں مہیا کرنے کے منصوبوں پر عمل پیراہے،سندھ کے سینئرکی پریس کانفرنس

پیر 18 مارچ 2024 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے کے عوام کو جدید ترین ، سستی ترین اور بہترین سفری سہولتیں مہیا کرنے کے منصوبوں پر عمل پیراہے،نگران دور حکومت میں ٹرانسپورٹ کے منصوبوں میں تاخیر ہوئی، لیکن موجودہ کابینہ نے صدرآصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اوروزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کی ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔

آرکائیوز کمپلیکس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں الیکٹرک بسوں کے مزید دو روٹ شروع کئے جارہے ہیں، عید کے بعد میرپور خاص میں بھی شہریوں کے لئے پیپلز بس سروس جیسی جدید ٹرانسپورٹ دی جائے گی، خواتین کے لئے مخصوص پنک بس سروس کی بسیں اضافہ کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں یومیہ ایک لاکھ سات ہزار شہری پیپلز بس سروس کی جدید سہولت سے استفادہ حاصل کررہے ہیں، 18 اپریل سے آٹومیٹڈ فیئرسسٹم روٹ نمبر 1 اور روٹ نمبر 9 میں آزمائشی طور پر شروع کررہے ہیں، ریڈ لائن بی آر ٹی کیلئے روزانہ اجلاس منعقد کرکے اس منصوبے کو وقت پر مکمل کرنے کی کوشش جاری ہے، عید کے فوری بعد جام صادق برج پر کام شروع ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے فیز میں مزید 500 بسوں کی خریداری کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ یہ بسیں سندھ کے مختلف شہروں کو دی جائیں گی، سند حکومت مہنگائی کے طوفان میں عوام کو بہترین، جدید ترین اور سستی ترین سفری سہولتیں دینے کے منصوبے لارہی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج سے پورے سندھ میں منشیات کے خلاف کارروائی کرنے جارہے ہیں، حکومت صوبے میں والدین کے تعاون اور مدد سے بچوں کو منشیات میں مبتلا کرنے والے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے، عوام سے درخواست ہے کہ حکومت کو منشیات فروشوں سے آگاہ کریں اور والدین سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کی عادتوں پر نظر رکھیں، منشیات فروشوں کے خلاف سخت ترین کریک ڈان ہوگا، منشیات فروشی کے خلاف آپریشن پوری قوت سے اس کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل کاشف کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنے شہدا کے خلاف مہم چلانے والوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، شہدا کے بارے میں مہم سے شہدا کے لواحقین اور پاکستانی قوم کے دلوں پر کیا گذرتی ہے، اس صدمے اور تکلیف کا اندازہ کیا جانا چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے 12 سال جیل میں رہے اور ان پر کوئی بھی جرم ثابت نہیں ہوسکا، اسد قیصر کا لیڈر مختلف مقدمات میں سزا یافتہ ہے، عمران کان نے اس ملک کے خلاف ہر فورم پر سازش کی ہے۔