Live Updates

انسداد دہشت گردی عدالت: اسد عمر‘زین قریشی سمیت 79 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست دائر‘ زین قریشی، فرحت عباس، علی امتیاز اور شاہد حسین سمیت 79 ملزمان کی پیشی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 مارچ 2024 12:38

انسداد دہشت گردی عدالت: اسد عمر‘زین قریشی سمیت 79 ملزمان کی عبوری ضمانتوں ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 مارچ۔2024 ) لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے کورکمانڈرہاﺅس جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمات میں سابق وزیر اسد عمر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف زین قریشی سمیت 79 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 20 اپریل تک توسیع کردی ہے. نجی ٹی وی کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج نے اسد عمر ، زین قریشی، فرحت عباس، علی امتیاز اور شاہد حسین سمیت 79 ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، اسد عمر کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست بھی دائر کی گئی.

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے 79 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 20 اپریل تک توسیع کر دی یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمات درج ہے 7 مارچ کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر اسد عمرکی عبوری ضمانت میں 16 مارچ تک توسیع کی تھی. واضح رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور میں بھی فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نشانہ بنایا کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے.

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاﺅ گھیراﺅ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی راہنماﺅں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات