Live Updates

مئی جون تک نئی سیاسی جماعت آجائے گی، شاہد خاقان عباسی کا اعلان

منگل 19 مارچ 2024 20:02

مئی جون تک نئی سیاسی جماعت آجائے گی، شاہد خاقان عباسی کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2024ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نئی سیاسی جماعت جلد آئے گی، مشاورت کررہے ہیں، اگلے دو تین مہینوں مئی جون تک نئی سیاسی جماعت آجائے گی، اس جماعت میں مصطفی نواز کھوکھر، مفتاح اسماعیل سمیت کئی دیگر لوگ بھی شامل ہوں گے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ساہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجھ پر بے بنیاد کیس چل رہا ہے، میرا پانچواں سال نیب عدالتوں میں شروع ہو گیا، پہلے 9 سال لگے تھے، ابھی تو 5 سال لگے ہیں۔

آج مشکل فیصلے نہیں کریں گے تو معاملات آگے نہیں بڑھیں گے، اس لیے نیب کا تماشا ختم ہونا چاہیئے، ملک کا کوئی افسرکام کرنے کو تیار نہیں، اسے نیب کا خوف ہے، جیسے نیب کیسز بنے ویسے ختم بھی ہو سکتے ہیں، نیب کا ادارہ تو بنا لیکن عوام کو اس کا فائدہ کچھ نہیں ہوا، سنا تھا ن لیگ نے کہا ہے کہ نیب کو ختم کریں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مختلف ٹی وی انٹرویوز میں انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹھیک نہیں ہوئے، ان ہی الیکشنز کو لے کر عوام ایک دن پھٹ پڑیں گے کیوں کہ رزلٹ کو قبول نہیں کیا جارہا اس لیے الیکشن متنازع ہوچکے ہیں، تحریک انصاف کے مطالبے پر حلقے کھول بھی دیئے جائیں تو فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ ہم نے نظام کو پکا کر لیا ہے کہ دھاندلی کیسے کرتے ہیں، اب یہ دھاندلیاں پکڑی نہیں جا سکتیں کیوں کہ جب آپ جب تھیلے کھولیں گے تو وہاں پر ساری غلطیاں درست ہو چکی ہوں گی، ملک میں فارم 45 اور 47 والی دھاندلی نہیں پکڑی جا سکتی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس جھگڑے کا حل یہی ہے کہ سپریم کورٹ پریزائڈنگ آفیسرز کو بلائے اور فارم 45 کے بارے میں قرآن پر حلف لے، پوچھیں کہ یہ فارم 45 آپ کا ہے یا نہیں، مسئلے کا حل ہی نکالنا ہے تو پھر حل یہی ہے، اگر الیکشن نہیں ہوسکتے تو ان کو ہی درست کرلیں، سپریم کورٹ حل نکال سکتی ہے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو یہ حکومت نہیں چل سکتی، ویسے بھی اس میں صلاحیت ہی نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نام نہاد اتحاد کو طول دینا ہے تو دیتے رہیں لیکن ایک دن فیصلہ سڑک پر ہی ہونا ہے، عوام ایک دن بولیں گے اور پھٹ پڑیں گے، اس لیے ان کو سوچنا ہوگا کہ ملک چلانا ہے یا کرسیاں سنبھالنی ہیں، اتفاق کے بغیر ملک چلانے کا کوئی راستہ نہیں اور عمران خان سے بھی بات کرنی پڑے گی کیوں کہ آپ مانیں یا نہ مانیں تحریک انصاف نے سیٹیں لی ہیں، اس لیے عدلیہ، عسکری اور سیاسی قیادت کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات