Live Updates

اگر اب بھی ہم نے اپنے ملک اور اداروں کا خیال نہ کیا تو بہت نقصان ہو جائے گا‘ خواجہ سلمان رفیق

بدھ 20 مارچ 2024 15:01

اگر اب بھی ہم نے اپنے ملک اور اداروں کا خیال نہ کیا تو بہت نقصان ہو جائے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹریز سید واجد علی شاہ اور راجہ منصور احمد، ایڈیشنل سیکرٹریز زاہدہ اظہر، آغا نبیل اور ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری، ڈپٹی سیکرٹریز اور وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے تمام وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس حضرات بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں کے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان سمیت دیگر افسران نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے مجھے ایک بار پھر محکمہ صحت میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ میاں شہباز شریف کے ساتھ عوام کی خدمت کا نادر موقع فراہم ہوا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنے بزرگوں کی طرح عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اگر دامن صاف ہو تو کسی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر اب بھی ہم نے اپنے پیارے ملک پاکستان اور اداروں کا خیال نہ کیا تو بہت نقصان ہو جائے گا۔ہر ادارے میں خود احتسابی کی روایت قائم ہونی چاہئے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں سے مریضوں کی ادویات چوری کرنے والے عناصر سخت سزا کے حق دار ہیں۔

محکمہ پنجاب ایمرجنسی سروسز کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ لاہور میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال بنانے جا رہے ہیں۔ ہم سب مل کر انشاء اللہ نظام کو بہتر بنائیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محکمہ صحت حقوق العباد کا کام کر رہا ہے۔ کورونا وائرس کے دوران ہمارے ہیلتھ پروفیشنلز نے بے مثال فرائض سر انجام دیئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کے دوروں کا سلسلہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔

سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروائیں گے۔ وزیر اعلیٰ کو اگلے پانچ سال کا پلان پیش کر دیا گیا ہے۔ علی جان خان نے کہاکہ نظام صحت کی بہتری کیلئے اصلاحات لانا لازمی ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی چوری کی کسی صورت معافی نہیں ملے گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات