Live Updates

لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مزید 2 مقدمات میں عمران خان، شیخ رشید سمیت 11 ملزمان بری

بدھ 20 مارچ 2024 17:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے لانگ مارچ کے دوران احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مزید 2 کیسز میں بانی تحریک انصاف عمران اور سربراہ عوامی لیگ شیخ رشید سمیت 11 ملزمان کو بری کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رابجھا نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تھانہ بارہ کہو میں درج 2 مقدمات میں عمران خان، شیخ رشید، شاہ محمود قریشی، فیصل جاوید، سیف اللہ نیازی، عامر محمود کیانی، پرویز خٹک، شیریں مزاری، اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجا خرم نواز سمیت 11 ملزمان کو بری کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے گزشتہ روز بریت کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، ملزمان کی جانب سے سردار مصروف خان اور آمنہ علی نے دلائل دیے تھے۔

(جاری ہے)

عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عمران خان و دیگر ملزمان پر لانگ مارچ کے دوران لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے، اگر پبلک کو عمران خان و دیگر نے اکسایا تو پراسیکیوشن کو بادی النظر میں ثابت بھی کرنا ہوگا۔

ریمارکس میں واضح کیا گیا کہ عمران خان و دیگر کے خلاف کوئی ثبوت عدالت میں جمع نہیں کروایا گیا، عمران خان و دیگر کے خلاف کیس چلانے کے لیے ریکارڈ ناکافی ہے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پراسیکیوشن کی جانب سے جمع کیا گیا ریکارڈ عمران خان و دیگر ملزمان پر جرم ثابت کرنے کے لیے مضبوط نہیں، عمران خان و دیگر ملزمان کو تھانہ بارہ کہو میں درج دونوں مقدمات میں بری کیا جاتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات