چیئرمین کریکٹر ایجوکیشن فائونڈیشن کی وفاقی وزیر تعلیم سے ملاقات

اقدار اور کردار سازی سے متعلق مضامین کو قومی نصاب میں شامل کرنے پر غور

بدھ 20 مارچ 2024 23:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن (CEF) کے چیئرمین محمود احمد کو وفاقی وزارت برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے دفتر میں مدعو کیا گیا اور قومی نصاب میں اقدار اور کردار سے متعلق مضامین شامل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے خصوصی سکریٹری جناب محی الدین احمد وانی نے کریکٹر ایجوکیشن فاو?نڈیشن کے چیئرمین کے ساتھ پاکستان کے طلبا کو کردار اور اقدار پر مبنی تعلیم فراہم کرنے کے وزیراعظم کے وڑن کو شیئر کیا۔

اس اہم ملاقات میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، نیشنل رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم، ڈائریکٹر سہیل بن عزیز اور NCC کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں نیشنل رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے دفتر میں بھی ایک تفصیلی تعارفی میٹنگ ہوئی جہاں چیئرمین کریکٹر ایجوکیشن فاو?نڈیشن نے اپنی فاؤنڈیشن کا تیار کردہ کریکٹر ایجوکیشن فریم ورک کے مندرجات سے آگاہ کیاجس کے تحت پاکستان کے قومی نصاب میں اقدار اور کردار کی تعلیم سے متعلق کچھ موضوعات شامل کیے گئے ہیں۔

یہ بنیادی طور پر اسلامیات، زبانیں، عمومی علم، اور سماجی علوم سمیت مختلف مضامین میں ایک ’کراس کٹنگ تھیم‘ کے طور پر شامل کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ قومی نصاب میں طلبا کے کردار کی تعمیر کے لیے ایک کثیر الجہتی حکمت عملی کی ضرورت ہے جہاں درج ذیل حکمت عملی اپنائی جائے گی۔کریکٹر ایجوکیشن فائونڈیشن کے فریم ورک کی مطابقت کی جانچ کی جائے گی اور جہاں کمی دیکھی جائے گی اسے پٴْر کرنے کے لیے حکمت عملی بھی وضع کی جائے گی۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اگلے تین دنوں میں ایک اور میٹنگ منعقد کی جائے گی جہاں نئے تعلیمی سال 2024-25 سے ابتدائی طور پر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں اقدار اور کردار پر مبنی تعلیمی پروگرام شروع کرنے کے لیے ایک تفصیلی پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔جس میں طلباء کو کلاس روم میں پڑھانے، ہم نصابی سرگرمیاں بشمول صبح کی اسمبلیاں، اور اساتذہ کی تربیت شامل ہوگی اس سلسلے میں اگلی میٹنگ 22 مارچ 2024 بروز جمعہ کو ہوگی۔