*اپ ڈیٹ*

yوزیراعظم سمیت کابینہ کا تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا اعلان لله*درآمدات و برآمدات سے متعلق پابندیوں سے استثنیٰ کا تعین کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی وفاقی کمیشن کی سفارشات کو متعلقہ اتھارٹیز کو بھیجنے اور غلام شاہ کی خدمات ان کے محکمے کو واپس کرنے کی منظوری

بدھ 20 مارچ 2024 20:05

Q اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2024ء) وزیراعظم شہباز شریف سمیت وفاقی کابینہ کے اراکین نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم سمیت کابینہ نے تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا، تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ حکومتی سطح پر کفایت شعاری کی ترویج کے تناظر میں لیا گیا، اجلاس میں وفاقی کابینہ نے میر علی دہشت گرد حملے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لیے فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر کابینہ نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کیا۔

اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وفاقی کابینہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول ایگریمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ متوقع ہے، کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائینز ہولڈنگ کمپنی تشکیل کرنے کی منظوری دے دی جو کہ پی آئی اے کی نجکاری کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پر درآمدات و برآمدات کے حوالے سے پابندیوں سے استثنیٰ کا تعین کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی جس کے کنوینر وفاقی وزیر تجارت ہوں گے۔ یہ کمیٹی ٹریڈ آرگنائیزشنز ایکٹ 2013 کے سیکشن 21 کے تحت مذکورہ بالا استثنیٰ کا تعین کرے گی اور اس حوالے سے اپیلیں بھی سنے گی۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر ڈاکٹر شیریں مزاری، سابق رکن قومی اسمبلی کی گرفتاری /حراست کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر قائم کیے گئے وفاقی کمیشن کی سفارشات کو متعلقہ وفاقی اور صوبائی اتھارٹیز کو بھیجنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی تجویز اور سندھ ہائی کورٹ کراچی کی سفارش پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج غلام شاہ جو کہ بطور جج بینکنگ کورٹ II حیدرآباد میں ڈیپوٹیشن پر کام کررہے تھے کی خدمات ان کے محکمے کو واپس کرنے کی منظوری دے دی۔