Live Updates

ڈونلڈ لو نے عمران خان کو بری کرنے والا بیان دیا ہے، بابراعوان

ڈونلڈ لو کے مطابق سائفر ہے ہی نہیں، اگر ڈونلڈ لو سچا ہے تو یہ مقدمہ ہی جھوٹا ہے، اگر ڈونلڈ لو جھوٹا اور یہ سچے ہیں تو ان کا مقدمہ ہی ختم ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 مارچ 2024 11:06

ڈونلڈ لو نے عمران خان کو بری کرنے والا بیان دیا ہے، بابراعوان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت چوری کے مینڈیٹ سے بنائی گئی ہے، ڈونلڈ لو نے عمران خان کو بری کرنے کا بیان ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ لو نے تو عمران خان کو سائفر کیس سے بری کرنے والا بیان دیا ہے، وہ کہتا ہے کہ سائفر تھا ہی نہیں، ڈونلڈ لو کے مطابق سائفر ہے ہی نہیں، اگر ڈونلڈ لو سچا ہے تو یہ مقدمہ ہی جھوٹا ہے اور اگر ڈونلڈ لو جھوٹا اور یہ سچے ہیں تو ان کا مقدمہ ہی ختم ہے، رہی بات مداخلت کی تو وہ تو امریکہ کر رہا ہے، اب بھی کہتا ہے کہ پوری کوشش ہو گی پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل نہ ہو۔

خیال رہے کہ امریکی نمائندگان کی ذیلی کمیٹی میں پاکستان میں الیکشن سے متعلق سماعت ہوئی، جہاں امریکی نائب وزیرخارجہ ڈونلڈ لو نے گفتگو اور سوالات جوابات سیشن میں کہا کہ جنوبی اور وسط ایشیاء کے نائب وزیرخارجہ ڈونلڈ لو نے کہا ہے کہ سائفر کو امریکی سازش کہنے کا عمران خان کا الزام سراسر جھوٹ ہے، عمران خان کی حکومت کو ہٹانے میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا، پاکستانی سفیر اسد مجید بھی تصدیق کرچکے کہ سائفر کا الزام بالکل جھوٹ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 31 سال پہلے پشاور میں ایک جونیئر آفیسر تھا، تب پاکستان میں انتخابات کے عمل کو قریب سے بھی دیکھا تھا، انتخابات کے اگلے روز محکمہ خارجہ نے ایک واضح بیان جاری کیا، الیکشن میں آزادانہ غیرضروری پابندیوں کو نوٹ کیا گیا، الیکشن مہم کے دوران تشدد اور میڈیا ورکرز پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، امریکا کی جانب سے انتخابات میں تشدد اور انسانی حقوق پر پابندیوں کی بھی مذمت کی گئی، میڈیا ورکرز پر حملوں، انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن کی بندش کی بھی مذمت کی گئی، پاکستان میں دہشتگردوں نے سیاسی رہنماؤں اور اجتماعات کو نشانہ بنایا۔

ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ انتخابات سے پہلے پولیس، سیاستدانوں اور سیاسی اجتماعات پر حملے بھی رہے، انتخابی دھاندلیوں، تشدد اور دھمکیوں کے باوجود ووٹرز باہر نکلے، تشدد کی دھمکیوں کے باوجود 60 ملین سے زیادہ پاکستانیوں سے ووٹ ڈالا، ووٹ ڈالنے والوں میں 21ملین خواتین بھی شامل ہیں، ووٹرز نے 2018کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ خواتین کو ارکان پارلیمنٹ منتخب کیا، انتخابات میں مداخلت کے الزامات پر تشویش کا اظہارکیا گیا۔

انتخابات میں مداخلت یا دھوکہ دہی کے دعوؤں کی تحقیقات ہونی چاہیئے، انتخابات میں جو کچھ ہوا اور پاکستان میں جوحالات ہیں اس پر فکرمند ہیں، انتخابات میں کئی سیاسی رہنماء آزادانہ شامل نہیں ہوسکے، الیکشن کمیشن پاکستان نے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی ہے جس میں ہزاروں پٹیشن جمع ہوچکی ہیں، انتخاب میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کو غور سے دیکھ رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات