Live Updates

امریکی ایوان میں بھی سائفر بیانیہ کو جھوٹ کا پلندا کہہ کر مستردکر دیاگیا ہے، شیری رحمان

اب یہ باضابطہ طور پر طے ہو چکا ہے کہ سائفر کو بنیاد بنا کر پی ٹی آئی نے اپنے سیاسی مقاصد کا تحفظ کیا،رہنماء پیپلزپارٹی کا بیان

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 21 مارچ 2024 12:14

امریکی ایوان میں بھی سائفر بیانیہ کو جھوٹ کا پلندا کہہ کر مستردکر دیاگیا ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ2024 ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنماءشیری رحمان نے کہا ہے کہ امریکی ایوان میں بھی سائفر بیانیہ کو جھوٹ کا پلندا کہہ کر مستردکر دیاگیا ہے، سینیٹر شیری رحمان نے امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی میں ڈونلڈ لو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی میں ڈونلڈ لو نے واضح طور پر سائفر بیانیہ ایک جھوٹ قرار دیااب یہ باضابطہ طور پر طے ہو چکا ہے کہ سائفر کو بنیاد بنا کر پی ٹی آئی نے اپنے سیاسی مقاصد کا تحفظ کیا۔

آڈیو لیک میں عمران خان اور ان کے ساتھی سائفر پر سیاست کھیلنے کی منصوبہ بندی بناتے سنائی دیتے رہے۔ عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری سائفر کیس سماعت میں تفصیلی وضاحت پیش کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے پرنسپل سیکرٹری سائفر کیس سماعت میں تفصیلی وضاحت پیش کر چکے ہیں، ایک سفارتی تحریر کو سیاسی اور ذاتی مفادات کیلئے توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، سائفر بیانیہ کو اپنے چھوٹے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے ملکی اور خارجی مفادات کو داوٴ پر لگانے کی بدترین مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ جنوبی ایشیا کیلئے امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری خارجہ ڈونلڈلو نے امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں گزشتہ روزبیان دیا تھا کہ سائفر کے ذریعے امریکی سازش کا عمران خان کا الزام سراسر جھوٹ ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی امورخارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں انتخابات کے بعد پاکستان میں جمہوریت کے مستقبل اورپاک امریکا تعلقات سے متعلق معاملات کی سماعت گزشتہ روز ہوئی تھی۔

سماعت میں سائفرکیس کے مرکزی کردار اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ ڈونلڈلو بھی امورخارجہ کمیٹی میں پیش ہوئے تھے۔جس میں پاکستان میں جمہوریت اور پاک امریکا تعلقات کے مستقبل سے متعلق سوالات کیے گئے تھے۔ کمیٹی کو دئیے گئے بیان میں ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ سائفر کے ذریعے امریکی سازش کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کا الزام سراسر جھوٹ ہے، خود پاکستانی سفیر اسد مجید بھی سائفر کا الزام جھوٹ قرار دے چکے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات